افغانستان میں بم دھماکا،خواتین اور بچوں سمیت ایک ہی خاندان کے 14 افراد ہلاک،5 زخمی

افغانستان میں بم دھماکا،خواتین اور بچوں سمیت ایک ہی خاندان کے 14 افراد ہلاک،5 ...

قندھار(آئی این پی ) افغانستان کے جنوبی صوبے ہلمند میں سڑک کنارے بم دھماکے میں خواتین اور بچوں سمیت ایک ہی خاندان کے 14 افراد جاں بحق اور 5زخمی ہوگئے ۔ہفتہ کو افغان میڈیا کے مطابق ہلمند کے مرجا ضلع میں ہونے والا یہ بم دھماکا ماہ رمضان شروع ہونے کے بعد ملک کا سب سے بڑا واقعہ ہے۔صوبائی گورنر محمد جان رسول یار نے بتایا کہ سڑک کنارے بم دھماکے کی وجہ سے ایک ہی خاندان کے 14 افراد ہلاک جبکہ 5 زخمی ہوئے۔صوبے کے پولیس سربراہ نبی جان ملا خیل واقعہ میں 16 ہلاکتوں اور تین زخمیوں کا دعوی کر رہے ہیں۔علاقے کے قبائلی رہنما حاجی فتح محمد نے بتایا کہ تباہ حال گاڑی سے انہوں نے 15 لاشیں نکالیں۔ ابھی تک کسی گروپ نے واقعہ کی ذمہ داری قبول نہیں کی۔افغانستان میں اقوام متحدہ کے مشن نے بتایا کہ رواں سال طالبان حملوں میں اضافے کی وجہ سے شہری ہلاکتوں میں نمایاں اضافہ دیکھنے میں آیا۔مشن کے مطابق، رواں سال کے پہلے چار مہینوں میں تقریباً ایک ہزار شہری ہلاکتیں ہو چکی ہیں،جو پچھلے سال اسی دورانیے سے کہیں زیادہ ہے۔

مزید : صفحہ آخر