اسلام آباد چیمبر اور روٹس سکول کے مابین باہمی تعاون کا سمجھوتہ
اسلام آباد (کامرس ڈیسک) اسلام آباد چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری اور روٹس ملینیئم سکول نے انڈسٹری ایکیڈیمیا روابط کو فروغ دینے اور نوجوان نسل کو کاروبار کی طرف راغب کرنے کے لئے باہمی تعاون کی یاداشت پر دستخط کئے ہیں۔ اس سلسلے میں چیمبر ہاؤس میں ایک تقریب منعقد ہوئی جس میں اسلام آباد چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے صدر مزمل حسین صابری اور روٹس میلینیم سکولز کے چیف ایگزیکٹو آفسیر چوہدری فیصل مشتاق نے باہمی تعاون کی یاداشت پر دستخط کئے ۔باہمی سمجھوتے کا اہم مقصد روٹس ملینیم سکول کے طلباء کو کاربار کی طرف آنے کی حوصلہ افزائی کرنا اور صنعتی و تعلیمی اداروں کے مابین روابط کو فروغ دینا ہے اس سمجھوتے کے مطابق اسلام آباد چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری روٹس میلینیم سکول کے طلباء کو انٹرشپ کے مواقع فراہم کرے گا تا کہ وہ عملی زندگی کے تجربے سے مستفید ہو سکیں۔
اس کے علاوہ چیمبر روٹس سکول کے طلبا کو صنعتی شعبے کیلئے ریسرچ اینڈ ڈویلپمنٹ کی کوششوں میں تعاون فراہم کرے گا۔ روٹس میلنیم سکولز چیمبر کے ممبران کے بچوں کو روٹس سکولوں میں تعلیم حاصل کرنے کیلئے داخلہ فیس میں 50 فیصد اور ماہانہ ٹیوش فیس میں 10 فیصد رعایت فراہم کریں گے۔ ماہانہ رعایتی فیس کا اطلاق پلے گروپ تا ثانوی تعلیمی سطح تک ہو گا۔اس موقع پر روٹس ملینیم سکولز کے چیف ایگزیکٹو آفیسر چوہدری فیصل مشتاق نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ روٹس میلینیم ایک عالمی معیار کا سکول سسٹم ہے جہاں بچوں کو جدید دور کی معیاری تعلیم فراہم کی جا تی ہے۔ یہی وجہ ہے آر ایم ایس کو قو می اور عالمی سطح پر اچھی شہرت حاصل ہو چکی ہے انہوں نے کہا کہ روٹس میلینیم سکولز کی تعلیم کے میدان میں عمدہ کارکردگی کے اعتراف میں امریکہ کے آل ورلڈ نیٹورک نے اس کو پاکستان کی 100 تیزی سے ترقی کرتی ہوئی اور عرب و خلیجی ممالک کی 500تیزی سے ترقی کرتی ہوئی کمپنیوں کا ایوارڈ دیا ہے ۔ انہوں نے اس عزم کا اظہار کیا کہ آر ایم ایس طلباء کو عالمی معیارکے مطابق تعلیم فراہم کرنے کی کوششوں کو جاری رکھے گا۔اسلام آباد چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے صدر مزمل حسین صابری نے اپنے استقبالیہ خطاب میں چوہدری فیصل مشتاق کے کردار کو سراہا جنہوں نے پاکستان میں جدید تعلیم فراہم کرنے کیلئے روٹس سکول سسٹم قائم کیا۔ انہوں نے کہا کہ روٹس میلنیم سکولزملک میں معیاری تعلیم کو فروغ دینے کے لئے گراں قدر خدمات سرانجام دے رہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ روٹس میلنیم سکولز ملک میں رول ماڈل تعلیمی ادارہ بن کہ ابھرہ ہے جو نوجوانوں کو عمدہ اور معیاری تعلیم فراہم کر کے انہیں مستقبل کے لیڈرز کے طور پر تیار کر رہا ہے ۔ انہوں نے اس امید کااظہار کیا کہ آئی سی سی آئی اور آرایم ایس کے درمیان طے پانے والا تعاون کا باہمی سمجھوتہ طلباء اور مقامی صنعتوں کے لئے سودمند ثابت ہو گا۔دونوں اداروں کے درمیاں اس یادداشت کے طے پانے میں چیمبر کے گروپ لیڈر عبدالرؤف عالم کا کردار نمایاں ہے جنہوں نے اس سلسلے میں کافی کوشش کی۔