لاہور چیمبر نے گیس کی قیمتوں میں مجوزہ اضافہ مسترد کردیا

لاہور چیمبر نے گیس کی قیمتوں میں مجوزہ اضافہ مسترد کردیا

لاہور (کامرس رپورٹر) لاہور چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری نے گیس کی قیمتوں میں مجوزہ اضافہ مسترد کرتے ہوئے کہا ہے کہ اس سے صنعتی شعبے کی مشکلات میں اضافہ ہوگا اور پیداواری لاگت بڑھنے پاکستانی مصنوعات مقابلے کی دوڑ سے باہر ہوجائیں گی۔ لاہور چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے صدر اعجاز اے ممتاز نے حکومت پر زور دیا کہ وہ آئل اینڈ گیس ریگولیٹری اتھارٹی (اوگرا) میں نجی شعبے کی نمائندگی یقینی بنائی جائے تاکہ تمام فیصلے زمینی حقائق کو مد نظر رکھ کر کیے جاسکیں۔ انہوں نے کہا کہ گیس کی قیمتوں میں اضافے کی وجہ سے برآمدات سے وابستہ صنعتیں بْری طرح متاثر ہونگی جس سے برآمدات پر منفی اثرات مرتب ہونگے۔ انہوں نے کہا کہ یکم جولائی سے گیس کی قیمتوں میں مجوزہ اضافے کے اثرات توقع سے کہیں زیادہ تباہ کن ہونے کا خدشہ ہے۔ لاہور چیمبر کے صدر نے ٹیکسٹائل سیکٹر کی مثال دیتے ہوئے کہا کہ یہ سب سے بڑا برآمدی شعبہ ہے مگر گیس کی قیمتوں میں اضافے کی وجہ سے سب سے زیادہ یہی متاثر ہوگا۔ انہوں نے کہا کہ آئندہ مالی سال کے لیے مقررہ اہداف تب تک حاصل کرنا ممکن نہیں ہوگا جب تک صنعتی شعبے کو ریلیف نہ دیا جائے لہذا گیس کی قیمتوں میں اضافے جیسے غیر منطقی فیصلے کرنے کے بجائے صنعت و تجارت کو ریلیف دینے کے لیے اقدامات اٹھائے جائیں تو بہتر ہوگا۔

مزید : کامرس