سستے رمضان بازاروں کیلئے ساڑھے تین ارب روپے کی سبسڈی دی جائیگی
لاہور( کامرس رپورٹر)وزیرایکسائز و ٹیکسیشن پنجاب مجتبیٰ شجاع الرحمن نے کہا ہے حکومت نے رمضان المبارک کے دوران عوام کو آٹا،گھی ،چینی ،سبزیاں ودیگر اشیائے ضروریہ ارزاں نرخوں پر فراہم کرنے کے لئے صوبہ بھر میں رمضان بازاروں کا انعقاد کیا ہے۔انہوں نے کہا کہ کسی کو بھی نا جائز منافع خوری کرنے کی اجازت نہیں دی جائے گی اور رمضان بازاروں کے ثمرات عوام تک پہنچانے کے لئے منتخب نمائندے اور ضلعی انتظامیہ کے ارکان اور ضلعی انتظامیہ رمضان بازاروں کا دورہ کرے گی۔انہوں نے کہا کہ ساڑھے تین ارب روپے کی سبسڈی کے نتیجے میں رمضان بازاروں میں 10 کلو آٹے کا تھیلا310/= روپے اور چینی 52 روپے فی کلو دستیاب ہے۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے رمضان بازار سنگھ پورہ اور چائنہ سکیم کا معائنہ کرتے ہوئے کیا۔ ایم پی اے باؤ اختر ، تحصیل میونسپل افسر، دیگر سرکاری حکام بھی اس موقع پر موجود تھے۔صوبائی وزیر نے اسسٹنٹ کمشنر شالیمار ٹاؤن کو ہدایت کی کہ چائنہ سکیم رمضان بازار میں کوالٹی اشیائے ضروریہ اور ان کی مسلسل فراہمی کو یقینی بنایا جائے۔مجتبیٰ شجاع الرحمن نے کہا کہ یوٹیلٹی سٹور کارپوریشن کے خصوص سٹال بھی رمضان بازاروں میں لگائے گئے ہیں اور محکمہ زراعت کی فیئر پرائس شاپس پر سبزیاں اور پھل اعلی کوالٹی کا دستیاب ہو گا جبکہ مصنوعی قلت اور مہنگائی پیدا کرنے والوں کے خلاف سخت کارروائی عمل میں لائی جائے گی ۔انہوں نے کہا کہ صوبہ کے تمام ڈی سی اوز منڈیوں میں اشیاء کی نیلامی کا خود جائزہ لیا کریں گے اور صوبہ میں ذخیرہ اندوزی کسی صورت برداشت نہیں کی جائے گی۔صوبائی وزیرنے رمضان بازاروں میں اشیاء کی کوالٹی اور ان کی قیمتوں کو چیک کیا اور لوگوں سے بھی اشیاء کی فراہمی بارے دریافت کیا۔