صارفین کو رمضان بازاروں میں مثالی ریلیف دیا جا رہاہے: ڈاکٹر فرخ جاوید

صارفین کو رمضان بازاروں میں مثالی ریلیف دیا جا رہاہے: ڈاکٹر فرخ جاوید

لاہور( کامرس رپورٹر)صوبائی وزیر زراعت ڈاکٹر فرخ جاوید نے کہا ہے کہ رمضان المبارک میں صارفین کو ہر ممکن ریلیف دینے کیلئے صوبہ بھر میں رمضان بازار لگائے گئے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ رمضان بازاروں میں تمام اشیائے خوردونوش مارکیٹ سے کم قیمت پر دستیاب ہیں اور انکی کوالٹی پر کوئی سمجھوتہ نہیں کیا جا رہا۔ انہوں نے کہا کہ عوام رمضان بازاروں سے خریداری کر کے روزانہ دوس و روپے تک کی بچت کر سکتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ عوام کی بڑی تعداد رمضان بازاروں کا رخ کر رہی ہے جو حکومتی اقدامات پر انکے بھرپوراعتماد کا اظہار ہے۔ڈاکٹر فرخ جاوید نے ان خیالات کا اظہارضلع قصور میں پتوکی اور بھائی پھیرو کے رمضان بازاروں کے دورہ کے موقع پر شہریوں سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔ انہوں نے کہا کہ وزیر اعلی پنجاب محمد شہباز شریف کے ویژن کے مطابق رمضان المبارک میں اسی طرح پنجاب بھر کے کونے کونے تک جا کر رمضان بازاروں کی مانیٹرنگ کرینگے۔ انہوں نے ضلعی انتظامیہ کو ہدایت کی کہ تمامرمضان بازاروں میں اشیائے خوردونوش کی یکسان قیمیں مقرر کی جائیں اور کوالٹی پر کوئی سمجھوتہ نہ کیا جائے۔ انہوں نے رمضان بازاروں میں پھلوں ، سبزیوں ، گوشت ، گرین چینل شاپس ، آٹا ، چینی ، مشروبات اور دیگر اشیائے خورونوش کی قیمتوں اور معیار کا تفصیلاًجائزہ لیا اور خریداری کیلئے آنیوالے صارفین سے رمضان بازاروں میں چینی ، آٹا، انڈے ، گھی ، گوشت ،سبزیاں اور دیگر سستی اشیاء کی فراہمی بارے دریافت کیا۔انہوں نے صارفین کی سہولت کیلئے رمضان بازاروں میں ائیر کولر لگانے اور شاپنگ ٹرالیاں فراہم کرنے کی ہدایت بھی کی۔ وزیر زراعت نے محکمہ کی جانب سے لگائی گئی فئیر پرائس شاپس پر اشیاء کی کوالٹی پر اطمینان کا اظہار کیا اور ان شاپس کو جاری رکھنے کی ہدایت کی۔ ڈاکٹر فرخ جاوید نے کہا کہ حکومت پنجاب نے صوبہ بھر میں 316رمضان لگائے اور 17ماڈل بازاروں کو بھی رمضان بازاروں میں بدل دیا ہے ۔ انہوں نے کہاکہ صارفین رمضان بازاروں سے خریداری کر کے روانہ دو سو روپے تک کی بچت کر سکتے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ رمضان المبارک میں مشنری جذبے سے کام کیا جائے کیونکہ یہ ڈیوٹی سے بڑھ کر عبادت کا درجہ رکھتی ہے۔

مزید : کامرس