یوٹیلٹی سٹورز پر رمضان ریلیف پیکیج پر بھرپور طریقے سے عملدرآمد جاری

یوٹیلٹی سٹورز پر رمضان ریلیف پیکیج پر بھرپور طریقے سے عملدرآمد جاری

لاہور (اے پی پی) وفاقی وزارت صنعت و پیداوار کی ہدایت پر ملک بھر کے یوٹیلٹی سٹورز پر رمضان ریلیف پیکیج 2015ء پر بھرپور طریقے سے عملدرآمد کیا جا رہا ہے اور عوام کو رمضان ریلیف پیکیج کے کے تحت وفاقی حکومت کی جانب سے 1.3ارب کی سبسڈی کے نتیجے میں آٹے کا 20کلو کا تھیلہ بازار کی نسبت80روپے سستا،یوٹیلیٹی گھی فی کلو 20روپے سے 60روپے تک، دال چنا فی کلو 10سے 15روپے،سفید چنے فی کلو15روپے، بیسن فی کلو 14روپے،کجھور فی کلو 50روپے،چائے 950گرام پیک 56روپے ،باسمتی چاول فی کلو16 روپے،ٹوٹا چاول فی کلو 17 روپے، سیلا چاول فی کلو16روپے سے41روپے، دال مونگ ,دال مسور،دال ماش ، پر 10روپے سے 15روپے ، ٹیٹرا پیک دودھ فی لیٹر15روپے تک سستا جبکہ مصالحہ جات اور مشروبات بھی طے شدہ نرخوں کے مطابق سستے داموں فروخت کئے جار رہے ہیں۔یوٹیلٹی سٹورز کارپوریشن کے ذرائع نے ہفتہ کے روز’’اے پی پی‘‘ کو بتایا کہ وفاقی حکومت کی ہدایات کے مطابق رمضان المبارک کے با برکت مہینے کے دوران عوام کی سہولت کیلئے ایک ہزار سے زائد اشیاء پر 5فیصد تا10فیصد خصوصی رعایت دی جا رہی ہے جسکی لسٹیں رمضان کے دوران عوام کی سہولت کیلئے سٹوروں پر آویزاں کر دی گئی ہیں۔رمضان پیکج کے حوالے سے وئیر ھاوٗس انچارجز کیلئے بھی خصوصی ہدایات جاری کی گئیں ہیں تاکہ وہ تمام اشیاء ضروریہ کی سٹورز پوائنٹ پر بر وقت سپلائی یقینی بنائیں‘ وفاقی حکومت کی طرف سے رمضان المبارک کے دوران اشیاء خوردونوش کی وافر فراہمی کو یقینی بنایا جا رہا ہے اور شفافیت کیلئے ویجیلنس کے نظام کو مزید موثر کیا گیا ہے جبکہ ہیڈ آفس میں پیکیج کو مانیٹر کرنے کیلئے آپریشن روم بھی قائم کیا گیا ہے تاکہ رمضان پیکیج کے تمام تر فوائدعام آدمی تک پہنچائے جاسکیں۔

یوٹیلٹی کارپوریشن لاہور کے ریجنل دفتر کے ترجمان نے اس ضمن میں بتایا کہ رمضان ریلیف پیکیج میں اشیائے خوردنوش سستے داموں میں عوام تک پہنچائی جائے گی اوروہ اپنی بھرپور کوشش کریں گے کہ عوام کو کسی تکلیف کا سامنا نہ ہو۔انہوں نے مزید بتایا کہ اس خصوصی پیکیج کا اطلاق ملک بھر کے تمام یوٹیلیٹی سٹورز پر یکم رمضان المبارک سے ہو چکا ہے ۔

مزید : کامرس