کپاس کے کاشتکاروں کو پٹڑیوں پر فصل کی کاشت کی صورت میں 6سے9دن کے وقفہ سے پانی لگانے کی ہدایت

کپاس کے کاشتکاروں کو پٹڑیوں پر فصل کی کاشت کی صورت میں 6سے9دن کے وقفہ سے پانی ...

فیصل آباد (بیورو رپورٹ) جامعہ زرعیہ فیصل آباد کے ماہرین زراعت نے کپاس کے کاشتکاروں کو چھدرائی کا عمل بروقت مکمل کرنے کی ہدایت کی ہے اور کہا ہے کہ اگر چھدرائی کا عمل بوائی کے 25دن کے اندر یا پہلے پانی سے قبل یاخشک گوڈی کے بعد ایک ہی دفعہ مکمل نہ کیاجائے تو فصل کو سخت نقصان پہنچ سکتاہے اس لئے اس ضمن میں کسی غفلت کامظاہرہ نہ کیاجائے ۔ انہوں نے کہاکہ لائنوں میں کاشت کی گئی بی ٹی اقسام کی پہلی آبپاشی بوائی کے 30 سے 35 دن بعد اور باقی آبپاشیاں 12 سے 15 دن کے وقفہ سے کی جانی ضروری ہوتی ہیں تاہم پٹڑیوں پرکاشت کی صورت میں پانی6سے9دن کے وقفہ سے 4سے5مرتبہ لگایا جاسکتاہے نیز اگر اس دوران پودے میں پانی کی کمی کی کوئی علامات ظاہر ہوں تو بوقت ضرورت آبپاشی کی جاسکتی ہے ۔

نہوں نے کہا کہ ڈرل سے لائنوں میں کاشت کی گئی روائتی چھوٹے قد والی اقسام کی پہلی آبپاشی بوائی کے 30سے 40دن بعد اور لمبے قد والی کپاس کی اقسام کی آبپاشی 40 سے 50روز کے بعد کرنا ضروری ہے جبکہ بعد ازاں 12سے15دن کے وقفہ سے آبپاشیوں کاسلسلہ جاری رکھنا چاہیے ۔انہوں نے کہاکہ کاشتکار فصل کا باقاعدگی سے معائنہ کرتے رہیں اور جڑی بوٹیوں کی تلفی بھی یقینی بنائی جائے۔ انہوں نے کہاکہ اگر کسی جگہ پرکیڑوں کا حملہ نقصان کی معاشی حد سے زیادہ ہو تو محکمہ زراعت کے فیلڈ سٹاف کی مشاورت سے سفارش کردہ زہروں کا استعمال بھی کرناچاہیے۔

مزید : کامرس