جون کے تیسرے ہفتے میں مہنگائی کی شرح میں 0.25 فیصد اضافہ
کراچی(اکنامک رپورٹر) رواں مالی سال 2014۔15ء کے آخری ماہ ( جون 2015ء ) کے تیسرے ہفتے کے دوران مہنگائی کی شرح میں 0.25 فیصد اضافہ ریکارڈ کیا گیا جبکہ کم آمدنی والے طبقے کے لئے قیمتوں کے حساس اعشاریہ میں 0.26 فیصد اضافہ دیکھنے میں آیا۔پاکستان بیورو شماریات کے اعداد و شمار کے مطابق 20 جون کو ختم ہونے والے ہفتے کے دوران انڈے، آلو،چینی ، گڑ، لہسن ،مسور کی دال ،چنے کی دال ، مٹن،بیف ، تازہ دودھ، دہی ، سرخ مرچ ، نمک ،آٹااور کیلے سمیت 18 اشیائے ضروریہ کی قیمتوں میں اضافہ ہوا۔زندہ مرغی، ٹماٹر، پیاز ،دال ماش، اری چاول ،گندم ،خوردنی تیل،ویجی ٹیبل گھی، باسمتی چاول ، ایل پی جی سمیت 10 اشیائے ضروریہ کی قیمتوں میں کمی ریکارڈ کی گئی۔ادارہ شماریات کے مطابق پٹرول ،ڈیزل، گیس نرخ ، مٹی کاتیل ، مسٹرڈ آئل، مونگ کی دال، ملک پاؤڈ، چائے ، بجلی کے نرخ ، کپڑے اور کھلا گھی سمیت 25 اشیائے کی قیمتوں میں استحکام رہا۔ادارہ شماریات کے مطابق گزشتہ ہفتہ کے مقابلے میں آٹھ ہزار تا بارہ ہزار آمدنی ، بارہ ہزار تا اٹھارہ ہزارآمدنی ، اٹھارہ ہزار تا پینتیس ہزار تک اور پینتیس ہزار روپے سے زائد آمدنی والے افراد کے گروپوں کیلئے قیمتوں کے حساس اعشاریہ میں بالترتیب 0.24، 0.24 ،0.25 اور 0.27 فیصداضافہ ریکارڈ کیا گیا۔