چیمپئنز ٹرافی کی تیاری،انگلش کرکٹ ٹیم آئندہ برس کے شروع میں ویسٹ انڈیز کا دورہ کرے گی
لندن (این این آئی)انگلینڈ کی کرکٹ ٹیم آئندہ برس کے شروع میں ویسٹ انڈیز کا دورہ کرے گی، انگلش ٹیم مختصر دورانیے کے دورہ کے دوران میزبان ٹیم کے خلاف تین ون ڈے میچوں کی سیریز کھیلی گی، یہ سیریز انگلینڈ کی چیمپئنز ٹرافی کی تیاری کے سلسلے کی ایک کڑی ہو گی ٗویسٹ انڈیز کی ٹیم میگا ٹرافی میں جگہ بنانے میں ناکام رہی تھی۔ انگلش ٹیم ون ڈے سیریز کے دو میچز اینٹی گوا ٗ ایک میچ بارباڈوس میں کھیلی گی۔
انگلینڈ اینڈ ویلز کرکٹ بورڈ (ای سی بی) کی طرف سے جاری کردہ شیڈول کے مطابق انگلش ٹیم 22 فروری کو سینٹ کٹس پہنچے گی، انگلش ٹیم ون ڈے سیریز سے قبل 25 اور 27 فروری کو ویسٹ انڈیز کرکٹ بورڈ پریذیڈنٹ الیون کے خلاف دو وارم اپ میچز کھیلے گی۔ اس کے بعد انگلینڈ اور ویسٹ انڈیز کی ٹیموں کے درمیان ون ڈے سیریز کا پہلا میچ 3 مارچ، دوسرا میچ 5 مارچ جبکہ تیسرا اور آخری میچ 9 مارچ کو کھیلا جائے گا۔