قوال آصف علی خان سنتو کی لاہورپریس کلب میں شاندار پرفارمنس

قوال آصف علی خان سنتو کی لاہورپریس کلب میں شاندار پرفارمنس

لاہور(فلم رپورٹر)عالمی شہرت یافتہ قوال آصف علی خان سنتو نے لاہورپریس کلب میں شاندار پرفارمنس سے سماع باندھ دیا۔ رمضان المبارک کی برکتوں کو سمیٹنے کے لیے محفل سماع کا انعقادلاہور پریس کلب کی گورننگ باڈی نے کیا جس میں قرآن پاک کی تلاوت محمد فاروق نے کی جبکہ مظفر چوہدری ، مرزا ندیم بیگ،سید مقدس کا ظمی نے ہدیہ نعت پیش کیا اورگٹاریسٹ سجادطافونے گٹارمختلف نعتوں یک دھنیں بجائیں۔ نظامت کے فرائض نائب صدر عبدالمجید ساجد نے ادا کیے۔محفل سماع میں ممبران کی کثیر تعداد نے شرکت کی اور آصف علی خان سنتو قوال کی پرفارمنس پر دل کھول کر داد دیتے رہے۔محفل میں شریک ممبران میں بذریعہ قرعہ اندازی عمرہ کے دو ٹکٹ نکالے گئے۔ کونسل ممبر غلام محی الدین اور فرخ علی خوش نصیب قرار پائے جبکہ پریس کلب ملازمین کے لیے کی گئی قرعہ اندازی میں ویٹر محمد سرفراز کوعمرے کا ٹکٹ ملا۔ اس موقع پر صدر پریس کلب محمد شہباز میاں نے مہمانوں کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ لاہور پریس کلب شہر کی ادبی اور ثقافتی تقریبات کا مرکز ہے اورثقافتی سر گرمیوں کی خوبصورت روایت کو جاری رہے گی۔ جلد ہی معزز ممبران کو عمرے کے مزید ٹکٹ بھی دیں گے۔آصف علی خان سنتو قوال نے کہنا تھا کہ صحافی برادری نے جس طرح ان کی پرفارمنس کو سراہا ہے کہ محفل انہیں ہمیشہ یاد رہے گی۔

محفل میں کلب کے سیکرٹری شاداب ریاض، خزانچی ظہیر احمد بابر،ممبر گورننگ باڈی شیر افضل بٹ ، محسن علی،رانا شہزاد ، سینئرصحافی معین اظہر،اعظم چوہدری،شفیق اعوان،رانا محمد عظیم،محمد یاسین سحر ، شہزاد حسین بٹ،راجہ ریاض،ضیاء للہ نیازی ،امتیاز راشد،طاہر بخاری،عابد خان،آصف بٹ اور امجدعثمانی نے بھی شرکت کی۔ تقریب کے اختتام پر شرکاء محفل کیلئے سحری کاخصوصی اہتمام کیا گیا جس میں چھوٹے پائے، پراٹھے اور لسی پیش کی گئی۔

مزید : کلچر