بحر ہندکی ناکہ بندی اور پاکستان کے ایٹمی پروگرام کیخلاف سازشیں کامیاب نہیں ہو نگی ، حافظ سعید

بحر ہندکی ناکہ بندی اور پاکستان کے ایٹمی پروگرام کیخلاف سازشیں کامیاب نہیں ...

د لاہور(خبر نگار خصوصی)امیر جماعۃالدعوۃ پاکستان پروفیسر حافظ محمد سعید نے کہا ہے کہ امریکہ پاکستان کو نقصانات سے دوچار کرنے کیلئے ہندوستان کی سرزمین استعمال کرنے کی کوششیں کر رہا ہے۔ افغانستان میں ناکامی پر بھارتی فضائی ، بحری اور زمینی اڈے استعمال کرنے کی منصوبہ بندی کی جارہی ہے۔ بحرہند کی ناکہ بندی اور پاکستان کے ایٹمی پروگرام کو نشانہ بنانے کی سازشیں کامیاب نہیں ہوں گی۔26جون کو گوجرانوالہ ہونیو الی دفاع پاکستان کانفرنس میں قومی مذہبی وسیاسی قیادت خطاب کرے گی۔ رمضان المبارک کے بعد بھی دفاع پاکستان کی تحریک پوری قوت سے جاری رہے گی اور ملک کے دیگر شہروں میں بھی بڑے جلسوں اور کانفرنسوں کا انعقاد کیا جائے گا۔ گلبرگ کے مقامی شادی ہال میں افطار پروگرام سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہاکہ امریکہ کی طرف سے پاکستان کے گھیراؤ کیلئے بھارت کی بندرگاہیں اور اڈے استعمال کرنے کے معاہدے کئے گئے۔ بھارت وامریکہ پاک چین راہداری منصوبے کو ناکام بنانے کے لیے عالمی سطح پر پاکستان مخالف سازشیں شروع کیے ہوئے ہیں۔ پاکستان اللہ کے فضل و کرم سے ایٹمی قوت ہے اور ہربیرونی جارحیت کامنہ توڑ جواب دینا جانتا ہے۔ ملکی سلامتی کو درپیش خطرات پر کسی صورت خاموشی اختیار نہیں کرسکتے۔انہوں نے کہاکہ دفاع پاکستان کونسل فعال ہو چکی۔ مایوسیاں ختم اور قوم متحد ہو رہی ہے۔ رمضان المبارک میں بھرپور تحریک جاری ہے۔ اسلام آباد، لاہور اور فیصل آباد کی طرح 26جون کو گوجرانوالہ میں بڑی دفاع پاکستان کانفرنس ہو گی۔ رمضان المبارک کے بعد دفاع پاکستان کی تحریک اور زیادہ مضبوط ہو گی۔ دشمنوں کے ارادے خاک میں ملیں گے۔ مودی اوبامہ معاہدے کر رہے ہیں ۔ امریکہ جو افغانستان میں نہیں کر سکا انڈیا کو استعمال کر کے کرنا چاہتا ہے ۔یہ معاہدے پاکستان کیخلاف ہیں۔انہوں نے کہاکہ انڈیا امریکہ کی شہ پر شرارتوں سے باز نہیں آئے گا۔ امریکہ مودی کو سولی پر چڑھا رہا ہے۔ بھارت باز نہ آیا تو تحریک آزادی کشمیر اور آگے بڑھے گی۔ جس دن مودی اوبامہ معاہدے کر رہے تھے اسی دن بھارتی جنرل ہوڈا کہہ رہا تھا کہ بھارت نے بڑی دیر سے کشمیر میں جنگ چھیڑ رکھی ہے۔ انڈیا نے بہت فوجی مروائے ۔ کشمیریوں کیلئے پیکج پیش کئے اورکشمیریوں کا دل جیتنے کی کوشش کی تاہم کامیابی نہیں ہو سکی اور بھارت کشمیر کی جنگ ہارچکا ہے۔

حافظ سعید

مزید : علاقائی