لیڈی ڈاکٹرزسے بھتہ مانگنے کے مقدمہ کی سماعت، ان کیمرہ کارروائی کیلئے درخواست دائر

لیڈی ڈاکٹرزسے بھتہ مانگنے کے مقدمہ کی سماعت، ان کیمرہ کارروائی کیلئے ...

  IOS Dailypakistan app Android Dailypakistan app

لاہور(نامہ نگار)انسداددہشت گردی کی عدالت میں میو ہسپتال کی لیڈی ڈاکٹرزکوہراساں کرکے بھتہ مانگنے کے مقدمہ کی سماعت ہوئی ،پراسیکیوشن کی جانب سے معاملہ حساس ہونے کی وجہ سے ان کیمرہ کارروائی کے لئے درخواست دائرکردی گئی ، عدالت نے درخواست پر بحث کے لئے فریقین کو طلب کرتے ہوئے سماعت 29جون تک ملتوی کر دی۔انسداددہشت گردی کی عدالت نمبر دو کے جج چودھری محمد اعظم نے کیس کی سماعت کی۔ ینگ ڈاکٹرز ایسوسی ایشن کے سیکرٹری ڈاکٹر سلمان کاظمی نے ملزم عبدالوہاب کے خلاف تھانہ گوالمنڈی میں مقدمہ درج کرایا ، مقدمہ کے مطابق ملزم عبدالوہاب میوہسپتال کے قریبی علاقے کا رہائشی ہے ،ملزم نے موبائل سے قابل اعتراض تصاویر اور ویڈیو بنا کرلیڈی ڈاکٹرز کو ہراساں کیا اور ان سے بھتہ طلب کیا۔ مقدمہ کے حق میں کئی گواہان پہلے اپنے بیانات قلمبند کرا چکے ہیں ۔

،گزشتہ روزپراسیکیوشن نے عدالت میں درخواست دائر کرتے ہوئے موقف اختیار کیا کہ وہ ملزم کے خلاف لیپ ٹاپ میں محفوظ ویڈیو اور تصاویر پیش کرنا چاہتے ہیں مگر چونکہ معاملہ لیڈی ڈاکٹرز کی زاتی زندگی سے جڑا ہوا ہے اور حساس ہے اس لئے کیس کی سماعت اوپن کورٹ کی بجائے بند کمرہ میں کی جائے ،عدالت نے ان کیمرہ کارروائی کے لئے دائر درخواست پر بحث کے لئے فریقین کے وکلاء کو 29جون تک طلب کر لیا ہے۔