بینکنگ کورٹ نے تین نادہندگان کے وارنٹ گرفتاری جاری کردیئے

بینکنگ کورٹ نے تین نادہندگان کے وارنٹ گرفتاری جاری کردیئے

  IOS Dailypakistan app Android Dailypakistan app

لاہور(نامہ نگار) بینکنگ کورٹ نے تین نادہندگان کے وارنٹ گرفتاری جاری کردئیے، این آئی بی بینک کے ایک کروڑ 25 لاکھ کے نادہندہ شہزاد غفور، بینک الفلاح اور فیصل بینک کے نادہندہ یاسر اور مقصود کے وارنٹ بھی جاری کئے گئے۔این آئی بی بینک نے بینکنگ کورٹ میں ڈی ایچ اے کے رہائشی شہزاد غفور کے خلاف ایک کروڑ 25لاکھ روپے قرض کی ریکوری کا دعویٰ اور فوجداری استغاثہ دائر کیا۔بینک انتظامیہ نے موقف اختیار کیا کہ شہزاد غفور نے پراپرٹی کے جعلی کاغذات پر بینک سے قرض لیا اور قرض بھی واپس نہیں کیا اس کے خلاف کارروائی کی جائے۔بینک کورٹ نمبر ایک کے جج قمر اعجاز نے بینک سے فراڈ کرنے پرشہزاد غفور کے وارنٹ گرفتاری جاری کر دیئے اور اس کو 22جون کو گرفتار کرکے عدالت میں پیش کرنے کا حکم دیا۔ عدالت نے بینک الفلاح کے کریڈٹ کارڈ نادہندہ یاسر حبیب اور فیصل بینک کے کریڈٹ کارڈ نادہندہ مقصود عالم کے بھی وارنٹ گرفتاری جاری کر دیئے۔
ان کو بیس جون کو گرفتار کرکے پیش کرنے کا حکم دیا ہے۔ عدالتی بیلف پولیس کی مدد سے تینوں نادہندگان کو گرفتار کرکے عدالت میں پیش کریں گے۔