کشمیر کی آزادی تک ہماری جدوجہد جاری رہے گی،میاں مقصود

کشمیر کی آزادی تک ہماری جدوجہد جاری رہے گی،میاں مقصود

لاہور(پ ر) امیر جماعت اسلامی پنجاب میاں مقصود احمد نے کہاہے کہ کشمیر پاکستان کی شہ رگ ہے ہم اس سے کسی بھی صورت میں دستبردار نہیں ہوں گے۔کشمیر پر ہندوستان کے غاصبانہ قبضہ کو68برس ہونے کو ہیں ۔ کشمیر پر ہمارے موقف میں ذرابرابر بھی لچک نہیں آئی اور انشاء اللہ کشمیر کی آزادی تک ہماری جدوجہد جاری رہے گی ان خیالات کا اظہارانہوں نے گزشتہ روزلٹن روڈ پر جماعت اسلامی آزادجموں وکشمیر کے زیر اہتمام افطار پارٹی سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔انہوں نے کہاکہ اقوام متحدہ اور عالمی دنیا کو کشمیر میں بھارتی مظالم نظرکیوں نہیں آتے؟۔ایک لاکھ سے زائد کشمیر یوں کوناحق شہید کر دیا گیا،20ہزار سے زائد خواتین کی بے حرمتی،لاکھوں بچو ں کو یتیم اور ہزاروں نوجوانوں کوبھارتی فوج نے عقو بت خانوں میں ڈالاہواہے۔انہوں نے کہاکہ حکومت پا کستا ن عالمی دنیا پربھارت کے گھناؤنے چہرے کو بے نقاب کرے۔کشمیر کا حل اقوام متحدہ کی قراردادوں کے مطابق نکالا جائے۔انہوں نے کہاکہ امریکہ اور بھارت دونوں مسئلہ کشمیر کا حل نہیں چاہتے اس لیے جنوبی ایشیامیں پاکستان کے خلاف ہندوستان کی ریشہ دوانیاں جاری ہیں۔افغانستان کے اندربھی امریکہ کی سرپرستی میں بھارتی ایجنسی ’’را‘‘پاکستان کے خلاف دہشتگردوں کو تربیت دے کر کراچی،بلوچستان اور فاٹا کے حالات خراب کررہی ہے۔انہوں نے کہاکہ پاکستان کواگر خطے میں بھارت کو بے نقاب کرنا ہے تو اس کے لئے ضروری ہے کہ عالمی برادری کے سامنے ہندوستان کااصل چہرہ لایاجائے۔ افطار ڈنر سے اعجازکیانی،عبدالعزیزشگری اور دیگرمقررین نے بھی خطاب کیا۔

مزید : میٹروپولیٹن 1