سرائے مغل:اضافی فیس نہ دینے پر ڈاکٹر کا شہری پرتشدد

سرائے مغل:اضافی فیس نہ دینے پر ڈاکٹر کا شہری پرتشدد

سرائے مغل(نامہ نگار)اضافی فیس نہ دینے کی وجہ سے ڈاکٹر ندیم انور نے وقار حسین پر تھپڑوں اور گھونسوں کی برسات کرتے اور دھکے دے کر ہسپتال سے نکال دیا۔تفصیلات کے مطابق تھانہ سرائے مغل کے نواحی گاؤں جاگوکے گھمن کا رہائشی وقار حسین چند روز قبل اپنی اہلیہ کو زچگی کے لیے سول ہسپتال پتوکی لے گیا جہاں ڈیوٹی پر موجود ڈاکٹر ندیم انور نے سرکاری ہسپتال میں سہولیات کا فقدان کہہ کر اپنے ہی نجی ہسپتال نسیم انور میں داخل کر کے پینتیس ہزار فیس بٹور لی۔چند روز گزرنے کے باوجود زخم خراب ہوتا گیا جس پر وقار حسین نے ڈاکٹر سے شکایت کی۔ڈاکٹر نے مزید فیس طلب کرلی جس پر وقار حسین نے کہا کہ پینتیس ہزار تو لے چکے ہو غریب آدمی ہوں اور کہاں سے لاؤں۔مہربانی کر کے اسی فیس میں ہی علاج کر دو ۔سنتے ہی ڈاکٹرندیم انور آپے سے باہر ہوگیااور وقار حسین پر تھپڑوں اور گھونسوں کی برسات برسا دی،ملازمین نے دھکے مارتے ہوئے مریضہ شاہدہ اور وقار حسین کو ہسپتال سے نکال دیا۔

وقار حسین نے اعلیٰ حکام سے پر زور اپیل کرتے ہوئے کہا میرے ساتھ ناانصافی ہوئی ہے لہٰذا ڈاکٹر کی زیادتی کے خلاف فوری کاروائی کی جائے اور مجھ غریب کی اہلیہ کا فوری علاج کروایا جائے۔

مزید : علاقائی