ہوٹل کے گٹر سے برآمدہ بچے کی لاش ورثا کے حوالے کردی گئی

ہوٹل کے گٹر سے برآمدہ بچے کی لاش ورثا کے حوالے کردی گئی

لا ہور (اپنے کرا ئم ر پو رٹر سے )اسلام پورہ پولیس نے عامر ہوٹل کے گٹرمیں گر کر جاں بحق ہونے والے سات سالہ بچے کی لاش پوسٹ مارٹم کے بعد ورثا کے حوالے کردی، ابتدائی پوسٹ مارٹم رپورٹ میں بچے کی موت کی وجوہات کا تعین نہ ہوسکا، تفتیش سی آئی اے کوتوالی کو سونپ دی گئی ہے۔پولیس کے مطابق سمن آباد کا سا ت سالہ حسنین آٹھ روز قبل عامر ہوٹل سے تقریب کے دوران لاپتہ ہوگیا،اس کی لاش دوروز قبل ہوٹل کے گٹر سے مل گئی تھی۔ سوموار کے روز پولیس نے پوسٹمارٹم مکمل ہونے کے بعد لاش ورثا کے حوالے کر دی۔ ذرا ئع کے مطا بق ابتدائی پوسٹ مارٹم رپورٹ میں حسنین کی موت کی وجوہات کا تعین نہیں ہوسکا۔ موت کی وجوہات کا پتہ چلانے کیلئے اس کے جسمانی اعضاء کے نمونے فرانزک لیبارٹری بھجوا دئے گئے ہیں۔پولیس کا کہنا ہے کہ حسنین حادثاتی طور پر گٹر میں گرا یا اسے بد اخلا قی کے بعد قتل کر کے گٹر میں پھینکا گیا، حتمی رپورٹ میں پتہ چل جائے گا۔ دوسری طرف بچے کے ورثا کا کہنا ہے کہ ان کے بچے کو قتل کرنے کے بعد لاش گٹر میں پھینکی گئی ہے۔ حسنین کے اغوا کا مقدمہ تھانہ اسلامپورہ میں نامعلوم افراد کے خلاف درج کیا گیا تھا جس کی تفتیش سی آئی اے کوتوالی کو منتقل کر دی گئی ہے۔

مزید : علاقائی