خورشید شاہ اورمحمود اچکزئی میں ملاقات، حکومت کا پیغام پہنچایا
اسلام آباد (خصوصی رپورٹ)قومی اسمبلی میں قائد حزب اختلاف سید خورشید شاہ سے پختونخوا عوامی ملی پارٹی کے سربراہ محمود خان اچکزئی نے ملاقات کر کے حکومت کا پیغام پہنچایا اور ٹی او آرز سے متعلق پارلیمانی کمیٹی میں ڈیڈ لاک دور کرنے میں مدد کی درخواست کی، اپوزیشن لیڈر نے ڈیڈ لاک کے معاملے پر فیصلہ اپوزیشن جماعتوں کی رائے سے مشروط کر دیا۔پیر کو یہاں پارلیمنٹ ہاؤس میں قائد حزب اختلاف خورشید شاہ سے پختونخوا عوامی ملی پارٹی کے سربراہ محمود خان اچکزئی نے ملاقات کی۔ اس موقع پر محمود اچکزئی نے حکومت کا پیغام اپوزیشن لیڈرسید خورشید شاہ تک پہنچا دیا۔ محمود اچکزئی نے اپوزیشن لیڈر سے درخواست کرتے ہوئے کہا کہ ٹی او آرز پر قائم پارلیمانی کمیٹی کا ڈیڈلاک دور کرنے میں مدد کریں،ٹی او آرز کا معاملہ پارلیمان میں ہی حل ہونا چاہیے، ملک سیاسی عدم استحکام کا متحمل نہیں ہوسکتا،فیصلے سڑکوں کی بجائے پارلیمنٹ میں ہونے چاہئیں ۔ملاقات کے دوران گفتگو کرتے ہوئے سید خورشید شاہ نے کہا کہ ٹی او آرز کا معاملہ پارلیمان میں حل کرنے کی کوشش کی لیکن افسوس ایسا نہ سکا،حکومت کو بڑے دل کا مظاہرہ کرنا چاہئے۔اپوزیشن لیڈر سیدخورشید شاہ نے ڈیڈلاک کے معاملے فیصلہ اپوزیشن جماعتوں کی رائے سے مشروط کر تے ہوئے کہا کہ اس معاملے پر اپوزیشن جماعتیں جو بھی فیصلہ کریں گی اسی پر عمل پیرا ہوں گے۔