دکھی انسانیت کی بے لوث خدمت کرنیوالے ڈاکٹرز کی بھرپور حوصلہ افزائی کرینگے :شہباز شریف

دکھی انسانیت کی بے لوث خدمت کرنیوالے ڈاکٹرز کی بھرپور حوصلہ افزائی کرینگے ...

لاہور(جنرل رپورٹر) وزیراعلیٰ پنجاب محمد شہباز شریف نے کہا ہے کہ خلق خدا کی خدمت ایک عبادت سے کم نہیں اورڈسٹرکٹ ہیڈ کوارٹر ہسپتال شیخوپورہ کے کنسلٹنٹ فزیشن ڈاکٹر عدنان قیصر نے مریضوں کے علاج کیلئے صحیح معنوں میں مسیحا بن کر ایک قابل تقلید مثال قائم کی ہے جس پر میں انہیں اپنی اور پنجاب حکومت کی طرف سے مبارکباد پیش کرتا ہوں۔وزیراعلیٰ نے دکھی انسانیت کی جذبے کے ساتھ بے لوث خدمت کرنے پر ڈسٹرکٹ ہیڈکوارٹر ہسپتال شیخوپورہ کے کنسلٹنٹ فزیشن ڈاکٹر عدنان قیصر ملک کو 5 لاکھ روپے نقد انعام دینے کا اعلان کیااور فرض شناسی کی اعلیٰ مثال قائم کرنے پرڈاکٹر عدنان قیصر کو تعریفی سند بھی دی ۔وزیراعلیٰ نے کہاکہ گزشتہ روزمیں ڈسٹرکٹ ہیڈ کوارٹر ہسپتال شیخوپورہ کا اچانک دورہ کیا اوراس دورے کے دوران ہر مریض نے اس فرشتہ صفت ڈاکٹر عدنان قیصر کی مسیحائی کی دل سے تعریف کی ، ڈاکٹر عدنان قیصر جیسے مسیحا ہمارے سروں کے تاج ہیں۔ دکھی انسانیت کی جذبے کے ساتھ بے لوث خدمت کرنے والے ڈاکٹرز کی بھرپور حوصلہ افزائی کی جائے گی۔ ہسپتال میں مریضوں کی دیکھ بھال میں مصروف ڈاکٹر عدنان قیصر کو دیکھ کر میرا دل بہت مطمئن اور خوش ہوااور پاکستان میں ایسے بے شمار ڈاکٹرز ہیں جن کے دل میں دکھی انسانیت کی خدمت کا جذبہ موجزن ہے۔دکھی انسانیت کی مثالی اور بے لوث خدمت کرنے والے ڈاکٹروں کی ہر سطح پر بھرپور حوصلہ افزائی کی جائے گی۔وہ ویڈیولنک کے ذریعے ایک اعلی سطح کے اجلاس سے خطاب کررہے تھے جس میں ہسپتالوں میں علاج معالجہ کی سہولتوں کو بہتر بنانے خصوصاً ڈسٹرکٹ ہیڈ کوارٹر ہسپتال شیخو پورہ کے دورے کے حوالے سے سامنے آنے والے امور کاتفصیلی جائزہ لیاگیا ۔وزیراعلیٰ نے اس ضمن میں متعلقہ حکام کو ضروری ہدایات بھی جاری کیں۔وزیراعلیٰ نے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہہسپتالوں کو مریضوں کیلئے حقیقی معنوں میں شفاخانے بنانے کیلئے مل کرمشترکہ اقدامات کرنا ہیں اور ادویات کی بروقت خریداری، فراہمی اور مریضوں کو دستیابی یقینی بنانا ہوگی۔ سرکاری ہسپتالوں میں آنے والے مریض بھی انسان ہیں، ان کیلئے اے سی درست حالت میں ہونے چاہئیں۔ افسر تو ٹھنڈے کمرے میں بیٹھیں اورقیامت خیز گرمی میں مریضوں کیلئے اے سی نہ چلیں، یہ مجھے کسی صورت قابل قبول نہیں۔انہوں نے کہا کہ صحت عامہ کی سہولتوں کی بہتری کیلئے اربوں روپے کے وسائل فراہم کئے گئے ہیں، ان کا ضیاع کسی صورت برداشت نہیں کروں گا۔وزیراعلیٰ نے ہدایت کی کہ ڈی سی اوزڈسٹرکٹ ہیڈکوارٹرز ہسپتالوں کے روزانہ دورے کریں اور کمشنرز صاحبان بھی ہفتے میں ایک بار ہسپتالوں کا دورہ کریں ۔ کمشنرز صاحبان اور ڈی سی اوز ہسپتالوں میں طبی سہولتوں و ادویات کی فراہمی، آلات و اے سی کے فنکشنل ہونے اور دیگر معاملات کا جائزہ لے کر ان کے حل کیلئے فوری اقدامات کریں۔وزیراعلیٰ نے اس ضمن میں اعلیٰ سطح کی کمیٹی تشکیل دینے کی ہدایت کی ہے۔وزیراعلیٰ نے ڈسٹرکٹ ہیڈکوارٹر ہسپتال شیخوپورہ میں ایک دوائی کی عدم دستیابی کے معاملے کی انکوائری کرانے کابھی حکم دیا ہے۔انہوں نے کہا کہ بعض سنگین امراض میں مبتلا مریضوں کو عام وارڈ سے مخصوص وارڈ میں منتقل کرنے کے طریقہ کار پر عملدرآمد یقینی بنایا جائے۔وزیراعلیٰ نے کہا کہ میں اللہ تعالیٰ اور عوام کو جوابدہ ہوں۔ صحت عامہ کے حوالے سے معاملات کو بہتر بنانے میں کوئی کسر اٹھا نہیں رکھی جائے گی۔صوبے کے عوام کو معیاری صحت کی سہولتوں کی فراہمی کیلئے دن رات محنت کرنا ہوگی۔ ڈاکٹر عدنان قیصر نے وزیراعلیٰ پنجاب کا بھرپور حوصلہ افزائی پرشکریہ اداکیا اورکہاکہ وہ پہلے سے زیادہ جذبے کے ساتھ دکھی انسانیت کی خدمت کریں گے۔مشیر صحت خواجہ سلمان رفیق، سیکرٹری سپیشلائزڈ ہیلتھ و میڈیکل ایجوکیشن اور متعلقہ حکام ماڈل ٹاؤن، چیف سیکرٹری، کمشنر لاہور ڈویژن، سیکرٹری پرائمری و سیکنڈری ہیلتھ، ڈی جی ہیلتھ پنجاب اور اعلیٰ افسران سول سیکرٹریٹ جبکہ ڈی سی او شیخوپورہ، ای ڈی او ہیلتھ شیخوپورہ، میڈیکل سپرنٹنڈنٹ ڈسٹرکٹ ہیڈکوارٹر ہسپتال شیخوپورہ اور کنسلٹنٹ فزیشن ڈاکٹر عدنان قیصر ملک ڈی سی او آفس شیخوپورہ سے ویڈیولنک کے ذریعے اجلاس میں شریک ہوئے۔ وزیراعلیٰ پنجاب محمد شہباز شریف سے یہاں چین کے قونصل جنرل یوبورن نے ملاقات کی۔ ملاقات میں باہمی دلچسپی کے امور، پاک چین تعلقات کے فروغ ، مختلف شعبوں میں تعاون بڑھانے اور سی پیک کے منصوبوں پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ چینی قونصل جنرل نے وزیراعظم محمد نوازشریف کی صحت یابی پر وزیراعلیٰ محمد شہبازشریف کو مبارکباد دی اور وزیراعظم محمد نوازشریف کیلئے نیک خواہشات کااظہار کیا۔ وزیراعلیٰ نے اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ وزیراعظم محمد نوازشریف بہت تیزی سے صحت یاب ہو رہے ہیں۔وزیراعظم نوازشریف کی جلد صحت یابی کیلئے دعائیں کرنے والوں کے بے حد شکرگزار ہیں۔ چینی قونصل جنرل یوربورن نے اس موقع پر بات چیت کرتے ہوئے کہا کہ وزیراعلیٰ شہباز شریف کے عوامی خدمت کے وژن سے بہت متاثر ہیں۔ شہبازشریف نے عوام کی فلاح و بہبود کیلئے شاندار اقدامات کئے ہیں۔ چیئرمین منصوبہ بندی و ترقیات، سیکرٹری سپیشلائزڈ ہیلتھ اینڈ میڈیکل ایجوکیشن، چیف آپریٹنگ آفیسر پنجاب سیف سٹیز اتھارٹی اور متعلقہ حکام بھی اس موقع پر موجود تھے۔ وزیراعلیٰ پنجاب محمد شہباز شریف سے یہاں وفاقی وزیر دفاعی پیداوار رانا تنویر حسین اور ایم این اے اعجازالحق نے الگ الگ ملاقات کی۔ رانا تنویر حسین اور اعجازالحق نے وزیراعظم محمد نواز شریف کے کامیاب آپریشن کے بعد تیزی سے صحت یابی پر وزیراعلیٰ محمد شہبازشریف کو مبارکباد دی۔ وزیراعلیٰ محمد شہبازشریف نے اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ اللہ تعالیٰ کے فضل و کرم اور قوم کی دعاؤں سے وزیراعظم محمد نوازشریف روبصحت ہیں اور وزیراعظم کیلئے بے پناہ دعائیں کرنے پر قوم کے شکرگزار ہیں۔ وزیراعلیٰ پنجاب محمد شہباز شریف کی زیرصدارت یہاں پینے کے صاف پانی پروگرام کے حوالے سے اعلی سطح کا اجلاس منعقد ہوا۔ترک سرمایہ کاروں نے اجلاس میں خصوصی طورپر شرکت کی اور صاف پانی پروگرام میں دلچسپی کااظہار کیا۔وزیراعلیٰ نے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ پینے کے صاف پانی کی فراہمی حکومت ترجیحات میں شامل ہے۔پنجاب حکومت پینے کے صاف پانی کی فراہمی کے ایک بڑے پروگرام پر عمل پیر اہے ۔ ترک سرمایہ کار وں کے وفد نے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ پنجاب حکومت کے ساتھ صاف پانی پروگرام میں ملکر کام کرنے میں خوشی ہوگی۔صوبائی وزیر ہاؤسنگ تنویر اسلم ملک چےئرمین صاف پانی کمپنی کاشف پڈھیار،چےئرمین منصوبہ بندی و ترقیات ،متعلقہ سیکرٹریزاورسی ای او صاف پانی کمپنی نے اجلاس میں شرکت کی۔

مزید : صفحہ اول