چھوٹی نہروں کی مرمت اور بحالی کے معاوضے کی عدم ادائیگی کیخلاف درخواست پر محکمہ آبپاشی فیصل آباد کے چیف انجینئر سے دو ہفتوں میں جواب طلب

چھوٹی نہروں کی مرمت اور بحالی کے معاوضے کی عدم ادائیگی کیخلاف درخواست پر ...

لاہور(نامہ نگار خصوصی )لاہور ہائیکورٹ نے چھوٹی نہروں کی مرمت اور بحالی کے معاوضے کی عدم ادائیگی کے خلاف درخواست پر محکمہ آبپاشی فیصل آباد کے چیف انجینئر سے دو ہفتوں میں جواب طلب کر لیاہے۔مسٹر جسٹس شاہد کریم نے ماس کنسٹرکشن کمپنی کی درخواست پر سماعت کی، درخواست گزار کے وکیل محمد علی خان نے موقف اختیار کیا کہ کمپنی نے 2015ء میں گوجرہ میں چھوٹی نہروں کی مرمت اور بحالی کا ٹھیکہ حاصل کر کے گزشتہ سال نومبر میں کام مکمل کیا مگر 7ماہ گزرنے کے باوجود معاوضے کی ایک کروڑ روپے کی رقم ادا نہیں کی جا رہی ، انہوں نے عدالت کو مزید بتایا کہ ٹھیکہ مکمل کرنے کے لئے بطور سکیورٹی 15 کروڑ روپے بھی جمع کروا رکھے ہیں، انہوں نے استدعا کی چھوٹی نہروں کی بحالی کے معاوضے، سکیورٹی کی 16 کروڑ روپے کی رقم واپس ادا کرنے کا حکم دیا جائے، عدالت نے محکمہ آبپاشی فیصل آباد کے چیف انجینئر اور سیکرٹری آبپاشی سے دو ہفتوں میں جواب طلب کر لیا ہے ۔

مزید : صفحہ آخر