قرآن کو تھامنے سے ہی مسائل سے نجات مل سکتی ہے ،نسیم صدیقی

قرآن کو تھامنے سے ہی مسائل سے نجات مل سکتی ہے ،نسیم صدیقی

کراچی(اسٹاف رپورٹر)جماعت اسلامی کراچی کے سابق سیکریٹری نسیم صدیقی نے کہا کہ قرآن کو تھامنے اور اس پر عمل کرنے سے ہی امت مسلمہ کو مسائل اور مصائب سے نجات مل سکتی ہے اور دکھی انسانیت کو سکون اور چین حاصل ہوسکتا ہے ، رمضان قرآن اور جہاد کا مہینہ ہے اسی ماہ مبارک میں قرآن نازل ہوا اور کفر و اسلام کا سب سے بڑا اور پہلا معرکہ غزوہ بدر رونما ہوا ۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے نارتھ ناظم آباد بلاک Jمیں خالد صابر کی رہائش گاہ پر ان کے والد کے یوم وفات کے موقع پر درس قرآن و دعوت افطار سے خطاب کرتے ہوئے کیا ۔ انہوں نے کہا کہ رمضان المبارک میں ہی اللہ تعالی نے پوری انسانیت کی رہنمائی و ہدایت اور حقیقی فلاح و کامیابی کے لیے قرآن جیسی عظیم الشان کتاب نازل کی اور اس کی حفاظت کی ذمہ داری بھی خود ہی لے لی ۔ آج دنیا بھر میں لاکھوں حفاظ کرام کے دلوں میں قرآن پاک کی دولت محفوظ ہے ۔ انہوں نے کہا کہ 10رمضان المبارک کے دن ہی سندھ کے اندر محمد بن قاسم آئے اور اسی لیے سندھ کو اسلام کا دروازہ کہا جاتا ہے اور یہ مبارک دن بھی اسی ماہ مقدس میں آیا ،اسی طرح پاکستان کا قیام بھی رمضان المبارک کی 27ویں شب میں ہی عمل میں آیا اور برصغیر کے مسلمانوں کی لازوال قربانیوں کا ثمر ملا ۔ نسیم صدیقی نے کہا کہ رمضان المبارک کا پہلا عشرہ رحمت ،دوسرا مغفرت اور تیسرا جہنم سے نجات کا مہینہ ہے ہمیں اللہ تعالی سے مغفرت اور جہنم سے نجات کے لیے دن رات ایک کردینے چاہییں اور طاق راتوں میں شب قدر کے حصول کی بھی جدوجہد دکرنی چاہیے ،انہوں نے کہا کہ حضور ﷺ نے صر ف قرآن پیش ہی نہیں کیا بلکہ دین کی تعلیم دی اور دنیا کے تمام انفرادی و اجتماعی معاملات اس دین کے مطابق چلا کربھی بتائے ۔

مزید : راولپنڈی صفحہ آخر