نئی دہلی میں نامعلوم افراد کی فائرنگ ، پراپرٹی ڈیلر ہلاک ، بیٹے سمیت 3زخمی
نئی دہلی (مانیٹرنگ ڈیسک ) نئی دہلی کے علاقے بھجن پورہ میں نامعلوم افراد کی فائرنگ سے ایک شخص ہلاک اور 3زخمی ہو گئے ۔
بھارتی میڈیا کے مطابق مقتول موٹر سائیکل پر جا رہا تھا کہ نامعلوم افراد نے اس پر اندھا دھند گولیاں برسا دیں جس کے بعد زخمی حالت میں ہسپتال لیجایا گیا مگر راستے میں ہی دم توڑ گیا ۔
فائرنگ کے واقعے میں مقتول کا بیٹا ، چائے فروش اور راہگیر زخمی ہوئے ہیں جنہیں ہسپتال منتقل کردیا گیا ہے ۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ مقتول پراپرٹی ڈیلر تھا اور کار سوار ملزمان نے اسے اس وقت نشانہ بنایا جب وہ اپنے بیٹے کیساتھ موٹر سائیکل پر جا رہا تھا تاہم اس کے نام کے بارے میں تاحال کچھ نہیں بتایا گیا ۔
واقعے کے بعد پولیس نے موقع پر پہنچ کر تفتیش شروع کردی ہے اور عینی شاہدین کے بیانا ت قلمبند کیے جا رہے ہیں ۔
پولیس حکام کا کہنا ہے کہ واقعے کا اصل عینی شاہد مقتول کا بیٹا ہے تاہم تاحال وہ زخمی ہے اور جیسے ہی اس کی حالت بہتر ہو گی اس کا بیان بھی قلمبند کیا جائے گا ۔ دوسری جانب مقتول کے ورثاءنے پولیس کو بتایا ہے کہ انکی کسی کیساتھ دشمنی نہیں تھی ۔