مودی پاکستان توڑنے کا اعتراف اور سی پیک منصوبے پر تشویش کا اعتراف کرچکے ہیں: امیر جماعت اسلامی پنجاب
لاہور(اےن اےن آئی ) امیر جماعت اسلامی پنجاب میاں مقصود احمد نے بھارتی وزیرخارجہ سشماسوراج کے بیان پر تبصرہ کرتے ہوئے کہاہے کہ سشماسوراج اصل حقائق کو نظر اندازکرکے دنیا کوگمراہ کرنا چاہتی ہیں ان کے بیان کی وضاحت ہونی چاہئے،پاک بھارت تعلقات ہندوستان کی ہٹ دھرمی،پاکستان دشمنی،آر ایس ایس،شیوسینا اور ابھی ناﺅبھارت جیسی انتہاپسندتنظیموں کے زیر سایہ پروان نہیں چڑھ سکتے،انڈ یا اگر اتناہی مخلص تھاتو مذاکرات کی راہ کو ہمیشہ وقت گزاری کے طور پر کیوں استعمال کیاگیا؟۔انہوں نے کہاکہ مودی خود ڈھاکہ یونیورسٹی میں پاکستان توڑنے کا اعتراف کرچکے ہیں جبکہ متعدد بار علی الاعلان پاک چین اقتصادی راہداری منصوبے کو بھی ہندوستان کے لئے خطرہ قراردیتے آرہے ہیں۔پاکستان کو دنیا میں تنہاکرنے کی سازشوں کے پیچھے ہندوستان ملوث ہے۔پاکستان میں راءکے افسرکل بھوشن کی بلوچستان میں گرفتاری اس بات کا ثبوت ہے کہ پاکستان میں ہونے والی دہشت گردی کی کاروائیوں کے پیچھے بھارت اور دیگر دشمن قوتیں ہیں۔میاں مقصوداحمد نے مزیدکہاکہ ہندوستان سے اس وقت تک دوستی کاخواب شرمندہ تعبیر نہیں ہوسکتا جب تک مسئلہ کشمیر اقوام متحدہ کی قراردادوں کے مطابق حل،آبی جارحیت کاخاتمہ اور راءکی پاکستان میں مداخلت کامکمل قلع قمع نہیں ہوجاتا۔ہندوستان کی خارجہ پالیسی پاکستان دشمنی پر چل رہی ہے۔جنوبی ایشیامیں طاقت کاتوازن اپنے حق میں کرنے کے لئے بھارت نے اسلحہ ذخیرہ کرنے کی دوڑ شروع کررکھی ہے جس کی جتنی بھی مذمت کی جائے کم ہے۔بھارت ہماراازلی دشمن ہے اس نے ہمیشہ پاکستان کی آزادی اور سلامتی کو نقصان پہنچانے کی کوشش کی ہے۔میاں مقصود احمد نے مزیدکہاکہ دشمن قوتیں چاروں طرف سے حملہ آوار ہیں۔ان کی سازشوں کا مقابلہ کرنے کے لئے اتحادویکجہتی کامظاہرہ کرنا ہوگا۔جب تک بھارت سمیت ملک دشمن قوتوں کو بھرپور انداز میں جواب نہیں دیاجاتااس وقت تک پاکستان مستحکم اور مضبوط نہیں ہوسکتا۔پاکستان سے را ،موساد اور سی آئی اے کانیٹ ورک ختم کرنا ملکی سلامتی اور بقاءکے لئے ضروری ہے۔