عمران خان نے پیسے کی خاطر پاکستانی کرکٹ ٹیم کیری پیکر کے ہاتھوں بیچی،وہ کسی اور پر کیسے انگلی اٹھا سکتے ہیں:سینیٹر پرویز رشید

عمران خان نے پیسے کی خاطر پاکستانی کرکٹ ٹیم کیری پیکر کے ہاتھوں بیچی،وہ کسی ...
عمران خان نے پیسے کی خاطر پاکستانی کرکٹ ٹیم کیری پیکر کے ہاتھوں بیچی،وہ کسی اور پر کیسے انگلی اٹھا سکتے ہیں:سینیٹر پرویز رشید

  IOS Dailypakistan app Android Dailypakistan app

راولپنڈی (مانیٹرنگ ڈیسک)وفاقی وزیر اطلاعات سینیٹر پرویز رشید نے کہا ہے کہ جو شخص پیسے کی خاطر پاکستانی کرکٹ ٹیم کو کیری پیکر کے ہاتھوں بیچ سکتا ہے وہ کسی اور پر کیسے انگلی اٹھا سکتا ہے ؟ مسلم لیگ (ن) کے تینوں ادوار کے  منصوبوں پر آج تک کوئی انگلی نہیں اٹھا سکا،اپوزیشن کے ساتھ ٹی او آرز پر بات چیت جاری ہے، ایسے ٹی او آرز جن سے انتقام کی بو آتی ہو وہ عوام کو قبول نہیں ، عمران خان کی حکومت کو وقت دینے کی دھمکی 2013ء سے سن رہے ہیں،اگر کوئی شیشے کے گھر میں بیٹھ کر پتھر پھینکے گا تو جواب میں اسے بھی حساب دینا ہو گا، زندہ قوموں کے بچے یتیم نہیں ہوتے۔

’’ عالمی یوم یتامی‘‘ کے حوالے سے منعقدہ تقریب کے بعد میڈیاسے گفتگو کرتے ہوئے سینیٹر پرویز رشید نے کہا کہ عمران خان نواز شریف کی امانت داری پر انگلی نہیں اٹھا سکتے لیکن یہ حقیقت ہے کہ عمران خان نے ایک دور میں اپنی پوری کرکٹ ٹیم کو کیری پیکر کے ہاتھوں بیچ دیا تھا۔انہوں نے کہا کہ کہ چارٹر آف ڈیموکریسی کی اس سے بڑی مثال کیا ہو گی کہ آصف علی زرداری حکومت نے اپنی پانچ سالہ مدت پوری کی، بلاول بھٹو زرداری اپنی انگلیوں پر گن کر بتائیں کہ کیا ان کی والدہ محترمہ کو بیس ماہ سے زائد حکومت کرنے دی گئی؟ یہاں پر آمریتوں کو آٹھ سال سے زائد وقت ملا ہے۔وفاقی وزیر اطلاعات پرویز رشید نے کہا ہے کہ عمران خان کا دھرنا ایک بار دیکھ لیا ہے ،دوسری بار بھی دیکھ لیں گے ،اس سے کوئی فرق نہیں پڑگا ،نواز شریف مخالفین کی تمام سازشوں سے آگاہ ہیں ، وزیر اعظم سرجری کے بعدتیزی سے صحت یاب ہو رہے ہیں، نواز شریف سے دو بار ملاقات ہوئی ،دو نو ں مرتبہ وہ چاق و چوبند نظر آئے، وزیر اعظم ملکی معاملات سے بھی آگاہ ہیں ،وہ قومی سلامتی ،اقتصادی اور حکومتی معاملات میں ہدایات دے رہے ہیں ،نواز شریف کی ہدایت پر اسحاق ڈار نے بجٹ پیش کیا ، وزیر اعظم عید سے قبل پاکستان میں ہوں گے اور عید کی خوشیاں پاکستان میں منائیں گے ۔

قبل ازیں انجمن فیض الاسلام کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے سینیٹر پرویز رشید نے کہاکہ انجمن فیض الاسلام جیسے ادارے قابل تقلید ہیں جو امداد کو یتیم بچوں کی تعلیم و تربیت اور ان کی کردار سازی پر صرف کرتے ہیں تاہم ماضی میں ایسے بھی ہوا کہ امداد تو یتیم بچوں کے نام پر لی گئی مگر اس کا مصرف بچوں کو خودکش جیکٹ پہنانا تھا اور یتیموں کے نام پر امداد لیکر لوگوں کو یتیم بنانا تھا۔ انہوں نے کہاکہ لوگ اپنی امدادانجمن فیض الاسلام جیسے مستحق اداروں کو دیں اور عوام کسی بھی ادارے کی امداد سے پہلے اس کی جانچ پڑتال ضرور کر لیں اور حقیقی معنوں میں فلاحی خدمات سرانجام دینے والوں کا ساتھ دیں، امداد کا غلط استعمال کرنے والے اداروں کو کسی صورت بھی اپنی حق حلال کی کمائی نہ دیں۔

مزید :

قومی -