قرآن پین،ناخواندہ افراد کے لئے تحفہ خاص

قرآن پین،ناخواندہ افراد کے لئے تحفہ خاص
 قرآن پین،ناخواندہ افراد کے لئے تحفہ خاص

  

رمضان المبارک،رحمت، بخشش اور مغفرت کا مہینہ ہے رمضان اور قرآن کا آپس میں گہرا تعلق ہے۔ رمضان المبارک میں قرآن مجید نازل ہوا ہے۔ یہی وجہ ہے کہ رمضان میں لوگوں کا قرآن مجید کے ساتھ تعلق مضبوط ہو جاتا بڑھ جاتا اور ہرشخص زیادہ سے زیادہ قرآن مجید پڑھنے کا خواہشمند ہوتا ہے،جبکہ ہمارے ملک میں لاکھوں کی تعداد میں ایسے افراد موجود ہیں جو قرآن مجید کو پڑھنا تو کجا قاعدہ بھی نہیں پڑھ سکتے ہیں ایسے لوگوں کی سہولت کی خاطراور اس مناسبت سے دینی کتابوں کی اشاعت کے عالمی ادارہ دارالسلام نے جدید ترین ٹیکنالوجی کا حامل نیاقرآن پین رمضان کے ماہ مقدس میں متعارف کروایا ہے۔یہ پین بچوں،جوانوں، بوڑھوں، خواتین،عوام الناس، قراء کرام اور علماء عظام کے لئے یکساں مفید ہے۔

پاکستان سمیت پورے عالم اسلام کے مسائل ومصائب کاحل قرآن مجیدکوپڑھنے،سمجھنے اوراس پرعمل کرنے میں ہے۔ دارالسلام اسی مقصد کی خاطرقرآن مجیدکی طباعت واشاعت کاکام خدمت دین کے طور پر کر رہا ہے۔ قرآن پین کی تیاری وتعارف اسی سلسلہ کی کڑی ہے۔ یہ پین مارکیٹ میں موجود تمام پینوں سے منفرد، یکتا اور لاجواب، ایڈوانس ٹیکنالوجی اور بیشمار خوبیوں کا حامل ہے۔ گزشتہ دنوں اس پین کی تعارفی تقریب دارالسلام کے ہیڈ آفس لوئر مال لاہورمیں منعقد ہوئی۔اس موقع پر دارالسلام کے منیجنگ ڈائریکٹر عکاشہ مجاہدنے کہاکہ یہ پین کمرشل نہیں،بلکہ قرآن مجید کی تعلیمات و اشاعت کو زیادہ سے زیادہ عام کرنے اور لوگوں کے دین کے ساتھ تعلق کومضبوط کرنے کے جذبے سے تیار کیا گیاہے۔ایسا شخص جو قرآن مجیدنہیں پڑھ سکتا اس کی ذہنی استعداد کو پیش نظر رکھ کر یہ پین تیار کیا گیا ہے۔یہی وجہ ہے کہ یہ نورانی قاعدہ،تجویدی قواعد، ہجے اور قرآنی مثالوں سے مزین ہے۔ اس پین میں ائمہ حرمین سمیت عالم اسلام کے 20مشہورقراء کرام کی تلاوتیں 12زبانوں کے ترجمے کے ساتھ موجود ہیں جبکہ اس میں ڈاکٹر فرحت ہاشمی، ڈاکٹراسراراحمد کی تفسیرقرآن اور تفسیر جلالین بھی موجود ہے،اس کے علاوہ صحیح البخاری اردوترجمے کے ساتھ ،عشرہ مبشرہ، قصص الانبیاء، امہات المؤمنین،سیرت النبی،روزمرہ کی دعائیں ، انتہائی خوبصورت آوازمیں حمدباری تعالیٰ ،نعتیں ، قرآنی قاعدہ ،گیارہ زبانوں پرمشتمل ٹاکنگ ڈکشنری، سیرت کارڈ اور جیب میں آسانی سے سما جانے والا مینول کارڈ موجود ہے۔ مینول کارڈ کی موجودگی میں دوران سفرقرآن مجیدساتھ رکھنے کی ضرورت نہیں ہوتی، بلکہ صرف کارڈ کی مددسے قراء کرام کی تلاوتیں، تراجم، تفاسیر، اذکار،دعائیں پڑھی اور سنی جا سکتی ہیں۔ 12ابواب اور8زبانوں پرمشتمل جیبی سائز کے سیرت کارڈ سے سیرت کے تمام پہلوؤں اورگوشوں کو نہایت آسانی سے سمجھا جا سکتا ہے۔اسی طرح قرآن مجید کے حاشیے پربھی قراء کرام کی تلاوتیں، تفاسیر اور تراجم موجودہیں جنہیں بوقت ضرورت سنا جا سکتا ہے۔ اس کاقرآن مجیدبیروت کا طبع شدہ اور نہایت ہی اعلیٰ کوالٹی کاہے۔اس میں آواز ریکارڈ کرنے،ریکارڈ شدہ آوازکے اصل آوازسے موازنہ کرنے کی سہولت بھی موجود ہے۔اس کی ہارڈ ویئر کی گارنٹی ایک سال اورسافٹ ویئرکی گارنٹی لائف ٹائم ہے۔ پین کے ساتھ قرآن پاکستانی رسم الخط والا ہے جس سے عام آدمی بھی آسانی سے اسے پڑھ سکتا ہے، جبکہ ہرصفحے پرآوازکوکم یازیادہ کرنے کاآپشن موجود ہے۔یہ پہلا قرآن پین ہے جومارکیٹ میں پہلے سے موجو د تمام قرآن پینوں سے زیادہ ایڈوانس ہے اس لئے کہ اس میں HDساؤنڈسپیکرہے جس وجہ سے اس کی آواز بہت ہی بلنداورصاف ہے اس کی بیٹری لانگ لائف ہے جس بناپراسے باربار چارج نہیں کرناپڑتا،جبکہ اس کے ساتھ Superچارجرہے جواس کی بیٹری ٹائمنگ کوبڑھانے میں مدددیتاہے۔

امرواقع یہ ہے کہ ادارہ دارلسلام جہاں بذریعہ اشاعت پوری دنیامیں قرآن وحدیث کاپیغام پہنچانے کی عظیم سعادت حاصل کررہاہے وہاں یہ دنیا بھرمیں پاکستان کی نیک نامی کاباعث بھی بن رہاہے کہ اس کے بانی عبدالمالک مجاہدکاتعلق سرزمین پاکستان سے ہے۔گوجرانوالہ سے ملحق ایک چھوٹے سے گاؤں کیلیانوالہ میں آنکھ کھولنے والے جناب عبدالمالک مجاہد کے خاندان کے لوگوں کی بڑی تعدادخطاطی کے پیشے سے منسلک تھی۔چنانچہ انہوں نے بھی اس فن میں مہارت حاصل کی یوں خطاطی کے ذریعے سے ان کا کتابوں کے ساتھ تعلق جڑا۔ اسی تعلق کانتیجہ ہے کہ عبدالمالک مجاہد دو ڈھائی عشروں کے اندر اندر دینی کتابوں کی اشاعت کا ایک ایسا سیٹ اپ قائم کر چکے ہیں جو دنیا کے چار براعظموں کے بہت سے ملکوں اور شہروں میں پھیلا ہوا ہے۔اس طرح انہوں نے یہ خیال غلط ثابت کر دکھایا کہ ’’خشک‘‘مذہبی کتابیں فروخت میں ’’ہاٹ‘‘نہیں ہوتیں۔

علمی وطباعتی معیار دارالسلام کاطرہ امتیاز ہے۔ دارالسلام نے اپنے قیام کے کچھ عرصہ بعدہی قرآن مجیدکی طباعت واشاعت پرخصوصی توجہ دی۔اس مقصد کی خاطرشعبہ ’’القرآن وعلومہ‘‘قائم کیاگیا جسے مختلف مکاتب فکر کے جید علماء کی سرپرستی حاصل ہے۔خطاطی کے لئے پاکستان کے مشہور خطاط حافظ یوسف سدیدی مرحوم کے شاگرد علی احمد صابر کی خدمات حاصل کی گئیں۔ عبدالمالک مجاہدکہتے ہیں 1995ء میں ہم نے 25گرام پیپر پر قرآن مجید کی طباعت کا پروگرام بنایا 25گرام نہایت ہی باریک نفیس اور سب سے قیمتی آفسٹ پیپر ہے۔اس پیپر پر طباعت ہر کسی کے بس کی بات نہیں دنیا بھر سے معلومات اکٹھی کیں تو معلوم ہوا کہ ہالینڈ میں ’’ینگ بلڈ پرنٹنگ پریس‘‘ باریک سے باریک پیپر پر بھی نفیس ترین چھپائی میں بڑی شہرت کاحامل ہے یہ دنیاکے قدیم ترین اور معروف پریسوں میں سے ہے۔اس پریس پر 140سال سے مسلسل بائبل چھپ رہی ہے۔ہم پہلے مسلمان ناشر تھے جنہوں نے ’’ینگ بلڈ پرنٹنگ پریس‘‘سے قرآن کریم شائع کروایا۔دارالسلام نے مشہور عرب مصنف شوقی ابوالخلیل کی دونادرتصانیف کو اُردومیں اٹلس القرآن اوراٹلس سیرت نبویؐ کے نام سے قدیم وجدید چہار رنگ نقشوں اور اضافی توجیہات و تشریحات کے ساتھ پیش از بیش خوبصورت انداز سے شائع کیا ہے۔ جو دنیائے اُردو میں اپنی قسم کا پہلا کام اور منفرد پیش کش ہے۔نامور مصری مصنف احمد عادل کمال کی مایہ ناز تالیف اطلس الفتوحات الاسلامہ کواردو میں پیش کرنے کا سہرا بھی دارالسلام کے سرہے۔اس مایہ ناز کتاب کا انگریزی ایڈیشن بھی طبع ہو چکا ہے۔ دارالسلام کی یہ اٹلسیں ماہر تاریخ جغرافیہ جناب محسن فارانی کی گرانقدر کاوش کا حاصل ہیں۔ دارالسلام کا ایک عظیم الشان منصوبہ گیارہ جلدوں میں انتہائی خوبصورت سیرت انسائیکلوپیڈیا کی تیاری ہے۔یہ انسائیکلو پیڈیا اپنی نوعیت کی منفرد اور نہایت ہی عمدہ کاوش ہے۔ دارالسلام نے قرآن مجیدکی تفاسیرمیں سب سے معروف تفسیرابن کثیرکوانگریزی زبان میں پہلی دفعہ دس جلدوں میں طبع کرنے کا اعزاز حاصل کیا ہے۔صحاح ستہ( انگریزی) ۔۔۔ادارہ دارالسلام نے صحاح ستہ یعنی احادیث کی چھ بنیادی کتابوں کو38جلدوں میں انگریزی زبان میں پیش کرنے کی بھی سعادت حاصل کی ہے۔قصہ مختصر دارالسلام اس وقت ایک عالمی ادارہ بن چکا ہے جودنیا بھر میں شہرت کاحامل ہے ۔اس وقت دارالسلام کو یہ اعزاز بھی حاصل ہے کہ ہر ہفتے بچوں کی ایک نئی کتاب پیش کی جا رہی ہے۔امر واقع یہ ہے کہ دارالسلام کی بدولت دنیا بھراورخصوصاً یورپ میں اسلام بہت تیزی کے ساتھ پھیل رہاہے۔

مزید : کالم