اقبالؒ اور قائداعظم ؒ کے شیدائی کا انتقال

Jun 21, 2017


شاعر مشرق علامہ اقبالؒ اور قائداعظم محمد علی جناحؒ کے شیدائی اور تحریک پاکستان کے سرگرم رہنما کرنل(ر) امجد حسین کا انتقال پُرملال، ہر پاکستانی کے لئے صدمے کا باعث ہے۔انہوں نے 95سال عمر پائی۔ مرحوم کچھ عرصے سے معمولی علیل تھے۔ کرنل(ر) امجد حسین سابق وفاقی وزیر اطلاعات اور مسلم لیگ (ق) کے جنرل سیکرٹری سینیٹر سید مشاہد حسین اور معروف دانشور سید مواحد حسین کے والد تھے۔ مرحوم امجد حسین زمانۂ طالب علمی میں ہی تحریک پاکستان سے وابستہ ہو گئے تھے۔ شاعر مشرق علامہ اقبالؒ کے پرستار تھے اور اکثر ان سے رابطے میں رہا کرتے تھے۔ علامہ اقبالؒ نے اُنہیں ہدایت کی تھی کہ وہ قائداعظم محمد علی جناحؒ سے ملیں اور اُن کی گائیڈ لائن کے مطابق کام کریں۔ امجد حسین مرحوم نے قائداعظمؒ سے تفصیلی ملاقاتیں کرتے ہوئے خود کو برصغیر کے مسلمانوں کی بہتری اور مسلم لیگ کے لئے وقف کر دیا تھا۔مرحوم کی شاندار خدمات پر انہیں تحریک پاکستان کے مجاہد کا خطاب بھی دیا گیا۔ علامہ اقبالؒ اور قائداعظمؒ کے ساتھ غیر معمولی لگاؤ کی وجہ سے انہیں ’’شیدائی‘‘ بھی کہا جاتا تھا۔مرحوم امجد حسین ایسی شخصیت تھے، جن سے مل کر تحریک پاکستان کے لئے عظیم جدوجہد کرنے والوں، شاعر مشرق اور بانئ پاکستان قائداعظم محمد علی جناحؒ کے مخلص اور شیدائیوں کی بھرپور جھلک ملتی ہے۔ وہ ارشادات قائداعظمؒ کو غیر معمولی اہمیت دیتے تھے۔ قائداعظمؒ کے پاکستان کے لئے ہر قسم کی قربانی دینے اور جدوجہد کرنے کی تلقین کیا کرتے تھے۔ ان کے انتقال سے قوم ایک عظیم محب وطن اور سچے پاکستانی سے محروم ہو گئی ہے۔اللہ تعالیٰ مرحوم کی مغفرت فرمائے اور اُن کے پس ماندگان کو صبر جمیل عطا فرمائے۔

مزیدخبریں