نیوی اہلکاروں پر دہشت گردوں کی فائرنگ

نیوی اہلکاروں پر دہشت گردوں کی فائرنگ

ضلع گوادر کے علاقے جیوانی میں نامعلوم دہشت گردوں کی فائرنگ سے پاکستان نیوی کے دو اہلکار شہید اور 3 زخمی ہو گئے، دہشت گرد دو موٹر سائیکلوں پر سوار تھے۔ نیوی اہلکار اپنی گاڑی میں جیوانی سٹی سے افطاری کا سامان لے کر جا رہے تھے کہ گھات لگا کر بیٹھے ہوئے دہشت گردوں نے اندھا دھند فائرنگ کی اور موقع سے فرار ہوگئے۔ اس المناک واقعہ کی وزیراعظم، وزیراعلیٰ بلوچستان، پاک نیوی کے ترجمان اور سیاسی و سماجی حلقوں کے نمائندوں نے سخت مذمت کرتے ہوئے اِس عزم کا اظہار کیا ہے کہ ذمہ دار دہشت گردوں کو جلد کیفر کردار تک پہنچایا جائے گا۔ شرپسندوں اور دہشت گردوں کی بزدلانہ کارروائیوں سے قوم اور مسلح افواج کے حوصلے پست نہیں ہو سکتے۔ مسلح افواج کے ضربِ عضب اور آپریشن ردّالفساد کے نتیجے میں بزدل شرپسندوں اور دہشت گردوں کے ٹھکانوں کو تباہ برباد کر دیا گیا ہے اور بڑی تعداد میں انہیں کیفر کردار تک بھی پہنچایا گیا ہے، جو شرپسند باقی رہ گئے ہیں، وہ مختلف علاقوں میں چھپ کر بزدلانہ کارروائیوں کے منتظر رہتے ہیں اور اچانک حملہ کر کے فرار ہو جاتے ہیں۔ ان قومی مجرموں کی تلاش کے لئے سیکیورٹی ایجنسیاں متحرک رہتی ہیں۔ جیوانی کے واقعہ کے بعد بھی مختلف علاقوں میں دہشت گردوں کی تلاش شروع کر دی گئی اور کئی علاقوں سے سرچ آپریشن کر کے گرفتاریاں بھی عمل میں لائی گئی ہیں۔ بعض مقامات سے اسلحہ بھی برآمد کیا گیا ہے۔ اس واقعہ کے بعد سیکیورٹی انتظامات سخت کر دیئے گئے ہیں۔

مزید : اداریہ