رنگ روڈ منصوبے کے حوالے سے درخواستوں کی سماعت آج تک ملتوی
لاہور ( نامہ نگار خصوصی) لاہور ہائیکورٹ میں رنگ روڈ منصوبے کے حوالے سے درخواستوں کی سماعت آج 21 جون تک ملتوی کر دی، درخواست گزار بحریہ ٹاون کے وکلاء خواجہ احمد طارق رحیم اور اظہر صدیق ایڈووکیٹ نے موقف اختیار کیا کہ رنگ روڈ منصوبہ کے لئے زمین ایکوائر کرنے کے لئے پہلے لینڈ ایکو زیشن ایکٹ کی دفعہ چار کے تحت نوٹس جاری کئے گئے۔بعد ازاں دسمبر 2015 ء میں اس منصوبہ کے لئے ہنگامی بنیادوں پر زمین ایکوائر کرنے کے لئے لینڈ ایکوزیشن کی دفعہ 17(4) کے تحت نوٹس بھجواکرزمینیں ایکوائر کی گئیں۔وکلاء کا کہناتھا کہ کسی حکومتی منصوبے کے لئے ہنگامی بنیادوں پر زمین ایکوائر نہیں کی جاسکتی۔رنگ روڈ اتھارٹی کی جانب سے ایڈیشنل ایڈووکیٹ جنرل عظیم ملک اورسمیعہ خالد کا موقف تھا کہ رنگ روڈ منصوبہ مفاد عامہ کا ہے جس کے لئے قانونی طور پر فوری طور پر زمین ایکوائر کرنے کے لئے لینڈ ایکوزیشن کی دفعہ 17(4) کے تحت نوٹس دیئے گئے۔