مودی کا دورہ لکھنو ، خلل ڈالنے کی منصوبہ بندی کے الزام میں 24 طالبعلم گرفتار
لکھنو(مانیٹرنگ ڈیسک)بھارتی وزیر اعظم نریندرا مودی کے دورہ لکھنو کے موقع پر سکیورٹی اداروں نے پوری ریاست میں ’’نیم کرفیو ‘‘ کی کیفیت پیدا کر دی ہے ،جگہ جگہ ناکوں اور چھاپوں کا سلسلہ جاری ہے جبکہ مودی کے پروگرام میں خلل ڈالنے کی منصوبہ بندی کے الزام میں 24 طالبعلموں کو حراست میں لے کر نا معلوم مقام پر منتقل کر دیا گیاہے۔بھارتی نجی ٹی وی چینل ’’انڈیا ٹی وی ‘‘ کے مطابق بھارتی وزیر اعظم نریندرا مودی آج 21 جون کو 2 روزہ دورے پر لکھنو پہنچ رہے ہیں جہاں وہ ’’عالمی یوگا ڈے‘‘سی ڈی آر آئی اور دیگر تنظیموں کے پروگرامز میں شرکت کریں گے تاہم سکیورٹی اداروں نے عالمی یوم یوگا پروگرام میں شرپسندی اور خلل کی منصوبہ بندی پر 24طالبعلموں کو گرفتار کر کے نامعلوم مقام پر منتقل کر دیا ہے جبکہ خفیہ اطلاعات پر میٹروپولیٹن، حسن گنج اور آشیانہ کے علاقوں میں سکیورٹی اداروں کے مسلسل چھاپے جار ی ہیں۔ مودی کے دورہ کے پیش نظر شہر کے داخلی و خارجی راستوں پر سکیورٹی سخت کر دی ہے جبکہ دوسری طرف کہا جا رہا ہے بھارتی پولیس نے لکھنو میں ان طالبعلموں کو گرفتار کیا ہے جو چیمپیئنزٹرافی میں بھارتی شکست پر ہندوستانی کھلاڑیوں کیخلاف احتجاج کر رہے تھے تاہم ایک اور ذرائع کا کہنا ہے ان گرفتاریوں کا کرکٹ میچ سے کوئی لینا دینا نہیں ہے ،کالج انتظامیہ نے سکیورٹی اداروں کو 27 طلبا کی فہرست فراہم کی تھی جس پر کارروائی کرتے ہوئے فورسز نے 24 کو حراست میں لے لیا ہے ،جن میں سماج وادی طلبہ یونین کے علاوہ آئیسا سے وابستہ طالبعلم بھی شامل ہیں۔