فوڈ اتھارٹی نے لاہور میں ہزاروں لیٹر مضر صحت دودھ تلف کر دیا
لاہور(کامرس رپورٹر)پنجاب کے مختلف شہروں میں دودھ کے نام پر زہر کی فروخت جاری ہے ، پنجاب فوڈ اتھارٹی نے غیر معیاری دودھ کے خلاف کریک ڈاؤن کرتے ہوئے 24 ہزار 842 لیٹر دودھ تلف کردیا ۔ملاوٹ اور کیمیکل والے دودھ کی فروخت کا دھندہ ایک مرتبہ پھر عروج پر ہے ۔ شہریوں کو دودھ کے نام پر میٹھا زہر پلایا جانے لگا ۔ پنجاب فوڈ اتھارٹی نے غیر معیاری دودھ کے خلاف بڑے پیمانے پر کریک ڈاؤن کیا ۔شہروں کے تمام داخلی مقامات پر ناکے لگا کر دودھ کی چیکنگ کی اور ملاوٹ ثابت ہونے پر مجموعی طور پر24842 لیٹر ناقص دودھ تلف کر دیا ۔ لاہور میں چیکنگ کے دوران 8190 لیٹر ناقص دودھ تلف کیا گیا ۔ فیصل آباد میں بھی فوڈ اتھارٹی نے ملاوٹ مافیا کو دھر لیا اور 4772 لیٹر ناقص دودھ تلف کر دیا ۔گوجرانوالہ میں 5890 ، ملتان میں 2870 جبکہ راولپنڈی میں 3120 لیٹر ناقص دودھ تلف کیا گیا ۔ ڈی جی فوڈ اتھارٹی کے مطابق دودھ میں گاڑھا کرنے والے کیمیکل اور ملائی کیلئے ویجیٹیبل فیٹ کی ملاوٹ پائی گئی تھی۔