ملکی سکیورٹی کیلئے سول آمڈ فورسز کی قربانیاں کسی سے ڈھکی چھپی نہیں: چودھری نثار

ملکی سکیورٹی کیلئے سول آمڈ فورسز کی قربانیاں کسی سے ڈھکی چھپی نہیں: چودھری ...

اسلام آباد (مانیٹرنگ ڈیسک) وفاقی وزیر داخلہ چودھری نثار علی خان نے کہا ہے کہ ملک کی اندرونی و بیرونی سکیورٹی کو یقینی بنانے میں سول آرمڈ فورسز کی قربانیاں کسی سے ڈھکی چھپی نہیں، خیبر پختونخوا میں امن و امان کو درپیش چیلنجز سے نمٹنے کیلئے فرنٹیر کانسٹیبلری کے افسروں اور جوانوں کی گراں قدر خدمات کی پوری قوم قدر کرتی ہے،وزیر داخلہ نے ان خیالات کا اظہار کمانڈنٹ فرنٹیئر کانسٹیبلری(ایف سی) کیپٹن (ر) لیا قت علی خان سے ملاقات میں کیا۔ ملاقات میں فرنٹیئر کانسٹیبلری سے متعلقہ پیشہ وارانہ امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ترجمان وزارت داخلہ کے مطابق کمانڈنٹ ایف سی سے ملاقات کے دوران گفتگو کرتے ہوئے چودھری نثار علی خان نے کہا کہ پچھلے تین برسوں میں فرنٹیئر کانسٹیبلری کی کارکردگی میں واضح بہتری آئی ہے جس کا کریڈٹ موجودہ کمانڈنٹ کے سر ہے۔ ایف سی کی جانب سے گذشتہ ایک سال میں ایک ارب روپے کی بچت کی گئی جو کہ فورس لیڈرشپ کی مثبت پالیسیوں کی مظہر ہے۔چودھری نثار نے کہاکہ جدید دور میں سکیورٹی کے نئے تقاضوں سے نمٹنے کیلئے ضروری ہے کہ ایف سی کے جوانوں کی تعلیم و تربیت پر خصوصی توجہ دی جائے اور روایتی تربیت کے ساتھ ساتھ ان کی تکنیکی صلاحیتوں میں بھی اضافہ کیا جائے۔

مزید : علاقائی