شہید بینظیر بھٹو کی قربانی ہی نے ملک میں جمہوریت کو استحکام بخشا ہے :بلاول بھٹو

شہید بینظیر بھٹو کی قربانی ہی نے ملک میں جمہوریت کو استحکام بخشا ہے :بلاول ...

کراچی (این این آئی) پاکستان پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے جمہوریت بہترین انتقام ہے کو دہراتے ہوئے کہا ہے یہ شہید محترمہ بینظیر بھٹو کی قربانی ہی تھی جس نے جمہوریت کو استحکام بخشا۔ اپنی شہید والدہ محترمہ بینظیر بھٹو کی 64ویں سالگرہ کے موقعے پر جاری کردہ پیغام میں پی پی پی چیئرمین کا مزید کہنا تھا شہید بینظیر بھٹو نے عمر بھر پسماندہ طبقات کیلئے جدوجہد کی اورانکے حقوق کی پاسداری کی خاطر ظلم سے لڑتے ہوئے اپنی جان دیدی۔ آمروں اور ان کے منظورِنظر حواریوں نے شہید بی بی کو تین دہائیوں تک ایک سے دوسری عدالت میں گھسیٹا، قید تنہائی میں رکھا لیکن وہ ثابت قدم رہیں اور خون کے آخری قطرے تک غیرجمہوری قوتوں کیخلاف بہادری سے نبرد آزما رہیں۔ یہ شہید بینظیر بھٹو ہی تھیں، جنہوں نے انتہاپسندی اورعسکریت پسندی کوللکارا اور دہشتگردی کیخلاف جنگ میں قوم کی قیادت کرتے ہوئے جام شہادت نوش کیا۔ پاکستانی عوام جمہوریت کی اس عظیم علمبردار شخصیت کی مقروض ہے، جنہوں نے اپنا سب کچھ اپنے لوگوں اور ان کے مستقبل کی خاطر قربان کردیا۔ اس موقع پر بلاول بھٹو زرداری نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ پی پی پی جدوجہد کو اس مقام سے آگے بڑھائیگی، جہان شہید محترمہ بینظیر بھٹو نے چھوڑا تھا۔ انہوں نے عوام اور جیالوں کو یقین دلایا کہ وہ ناانصافیوں، عدم مساوات و استحصا ل کے خاتمے اور پاکستان کو مساوات پر مبنی فلاحی ریاست بنانے کیلئے شہید بی بی کے رہنما اصولوں پر عمل پیرا رہیں گے۔

مزید : صفحہ اول