ایک ہفتہ میں 10ہزار شہریوں میں قوانین ٹریفک آگاہی پمفلٹس تقسیم

ایک ہفتہ میں 10ہزار شہریوں میں قوانین ٹریفک آگاہی پمفلٹس تقسیم

لاہور(کرائم رپورٹر)سٹی ٹریفک پولیس نے گذشتہ ایک ہفتہ کے دوران 10ہزار سے زائد ٹریفک قوانین کی خلاف ورزی کرنے والے شہریوں کے درمیان آگاہی پمفلٹس تقسیم کر دیئے ہیں جن کابنیادی مقصدشہریوں میں ٹریفک قوانین پرعملدرآمد کروا کر دوسرے شہریوں کو بہترین سفر ی سہولیات کو یقینی بناناہے ۔تما م سیکٹر انچارجز کو مشن کیپٹن (ر)سید احمد مبین شہید مہم کے تحت ٹریفک قوانین پر مبنی آگاہی پمفلٹس تقسیم کئے گئے ہیں تاکہ جو شہر ی چالان ہونے کے بعد سیکٹر میں اپنے کاغذات واپس لینے آئیں تو ان کو یہ پمفلٹس دے کر ٹریفک قوانین پر عمل درآمد کرنے کی ہدایت کی جائے ۔تمام ٹکٹنگ آفیسر ز کو ہدایت کی گئی ہے کہ گاڑی کے کاغذات واپس لینے والے ہر شہری کو پمفلٹ کے ساتھ بریفنگ دی جائے۔ چیف ٹریفک آفیسر ایس ایس پی رائے اعجاز احمد نے اس موقع پر کہا کہ سٹی ٹریفک پولیس رمضان المبارک میں شہریوں کو سڑکوں پر بہترین سفری سہولیات فراہم کرنے کیلئے تمام وسائل بروئے کار لارہی ہے اور ٹریفک وارڈنز کو سڑکوں پر ٹریفک روانی کو برقرار رکھنے کے ساتھ ساتھ شہریوں کو ایجوکیٹ کرنے کی ہدایت بھی دی گئی ہے۔ شہریوں سے بھی اپیل کی جاتی ہے کہ وہ ٹریفک قوانین پر عملدرآمد کر کے سٹی ٹریفک پولیس سے مکمل تعاون کریں۔ ٹریفک وارڈنز کو شہریوں کی سہولت کی خاطر سڑکوں پر تعینات کیا گیا ہے جو سخت گرمی اور روزہ کی حالت میں ٹریفک روانی کو برقرار رکھنے کیلئے تمام تر توانائیاں استعمال کر رہے ہیں۔

مزید : علاقائی