پاکستان نے بھارت کو عبرتناک شکست دیکر تاریخ رقم کی ہے،خرم بٹ

پاکستان نے بھارت کو عبرتناک شکست دیکر تاریخ رقم کی ہے،خرم بٹ

جوہانسبرگ(فہیم شبیر سے)جنوبی افریقہ کی مشہور معروف سماجی شخصیت خرم بٹ نے کہا ہے کہ پاکستان نے آئی سی سی چیمپئینز ٹرافی کے فائنل میں بھارت کو شکست دیکر تاریخ رقم کی ہے قومی ٹیم کی اس جیت پر نہ صرف ملک بھر میں جشن کا سماں ہے بلکہ بین الاقوامی سطح پر بھی شائقین کرکٹ کی طرف سے قومی ٹیم کی کارکردگی کو سراہا جارہا ہے۔اس جیت سے پاکستانیوں میں خوشی کی لہر دوڑ گئی ہے ٹیم نے بھوک اور افلاس کی ماری عوام کی جان میں جان ڈال دی ہے۔ روزنامہ پاکستان کے بیوروچیف فہیم شبیر سے گفتگو کرتے ہوئے خرم بٹ نے کہا کہ پاکستانی ٹیم نے جس نظم و ضبط، خود اعتمادی اور جوش و جذبہ کے ساتھ بھارت کی ٹیم کو ہرایا اْس پر پوری ٹیم مبارکباد کی حقدار ہے۔ پوری قوم مستقبل میں بھی کھلاڑیوں سے ایسی کارکردگی کی امید رکھتی ہے۔خرم بٹ نے مزیدکہا کہ کرکٹ ٹیم نے ہمیشہ پوری دنیا میں پاکستان کا نام روشن کیا اور ایک عرصہ تک پاکستان کو کرکٹ حوالے سے جانا اور پہنچانا جاتا رہا ہے۔ آئی سی سی چیمپئن ٹرافی میں پاکستان نے بھارت کو شکست دے کر پوری قوم کا سر فخر سے بلند کر دیا ہے انہوں نے کہا کہ پاکستانی ٹیم کی شاندار کامیابی اللہ رب العزت کا خاص کرم ہے۔ پاکستان میں ٹیلنٹ کی کمی نہیں ہر شعبے میں باصلاحیت افراد موجود ہیں پوری قوم کو اپنی ٹیم پر ناز ہے ہمیں امید ہے کہ ہماری ٹیم آئندہ بھی ایسی کامیابی حاصل کرے گی۔

مزید : عالمی منظر