فلسطینی اتھارٹی کا آزادی اظہار پر حملہ ،22ویب سائٹس بند

فلسطینی اتھارٹی کا آزادی اظہار پر حملہ ،22ویب سائٹس بند

رام اللہ (این این آئی) فلسطین کے علاقے مقبوضہ مغربی کنارے میں مرکزی پریس کلب کی طرف سے جاری بیان میں بتایا گیا ہے کہ فلسطینی اتھارٹی کی جانب سے بغیر کسی وجہ بند کی گئی اخباری ویب سائیٹس کی تعداد 22 ہوگئی ہے۔اطلاعات کے مطابق غرب اردن میں پریس کلب کے رکن عمر نزال نے بتایا کہ گزشتہ ہفتے سے فلسطینی اتھارٹی کی طرف سے بلاک کی گئی ویب سائیٹس کی تعداد 22 ہوگئی ہے۔انہوں نے صدر محمود عباس کے حکم پراٹارنی جنرل کی جانب سے اخباری ویب سائیٹس پر بندش کی مذمت کی اور اسے ذرائع ابلاغ کا گلا گھونٹنے کے مترادف قرار دیا۔مقامی فلسطینی ذرائع کے مطابق فلسطینی اتھارٹی کے ماتحت پراسیکیوٹر جنرل نے انٹرنیٹ کی سہولیات فراہم کرنے والی کمپنیوں کو ہدایت کی ہے کہ وہ 11 نیوز ویب سائیٹ کو بلاک کردیں۔دوسری جانب فلسطین کے ابلاغی حلقوں کی طرف سے اخباری ویب سائیٹس کی بندش کو آزادی اظہار رائے اور ذرائع ابلاغ کی آزادی پر حملہ قرار دیا ہے۔

پراسیکیوٹر کی ہدایت پر حماس کی مقرب ویب سائیٹس، مرکزاطلاعات فلسطین ، تحریک فتح کے مقرب نیوز ویب پورتل، اجناد، صوت الاخباری، شہاب نیوز نیٹ ورک، فلسطین الان نیوز ایجنسی، فلسطین آن لائن، فلسطین پریس،، فراس پریس، شفا نیوز، امامہ نیوز اور امد نیوز شامل ہیں۔

مزید : عالمی منظر