مصر، امارات دہشت گردی کی فنڈنگ کے انسداد کے لیے متحد

مصر، امارات دہشت گردی کی فنڈنگ کے انسداد کے لیے متحد

قاہرہ(اے پی پی) مصراور متحدہ عرب امارات نے دہشت گردی کی فنڈنگ روکنے اور دہشت گردی کے خلاف جنگ کے لیے مل کر کوششیں کرنے پر اتفاق کیا ہے۔عرب خبررساں ادارے کے مطابق متحدہ عرب امارات کے ولی عہد الشیخ محمد بن زید آلنھیان نے مصر کا دورہ کیا جہاں انہوں نے صدر عبدالفتاح السیسی سے ملاقات کی۔اس دوران دونوں رہنماؤں نے دہشت گردی کو سیاسی پشت پناہی فراہم کرنے کی روک تھام اور دہشت گردی کی فنڈنگ کا سدباب کرنے کے لیے مل کر کوششیں کرنے سے اتفاق کیا ہے۔مصری وزارت خارجہ کے ترجمان علاء یوسف نے ایک بیان میں بتایا کہ صدر السیسی اور اماراتی ولی عہد الشیخ زاید النھیان کے درمیان باہمی دلچسپی کے امور پرتفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔ دونوں قائدین نے دہشت گردی کے خلاف جنگ میں ایک دوسرے کے کردار کو سراہا۔ انہوں نے دہشت گردی کو ختم کرنے کے لیے دو طرفہ روابط کے فروغ، صلاح مشورہ جاری رکھنے اور مشترکہ مسائل کے حل کے لیے مل کر کوششیں کرنے پر اتفاق کیا۔اس موقع پر پر مصری صدر متحدہ عرب امارات کے ساتھ تمام شعبوں میں تعاون کے فروغ کی خواہش کا اظہار کیا جب کہ الشیخ محمد بن زید نے مصر کے ساتھ تمام شعبوں میں تعاون جاری رکھنے کی یقین دہانی کرائی۔اماراتی ولی عہد کا کہنا تھا کہ خطے میں قیام امن اور استحکام کے لیے مصر کا کلیدی کردار ہے۔ مصر نے دہشت گردی کے خلاف جنگ میں بھی غیرمعمولی خدمات انجام دی ہیں۔

مزید : عالمی منظر