والد نے کہازیادہ اونچے شاٹ مت لگانا، فخر زمان

والد نے کہازیادہ اونچے شاٹ مت لگانا، فخر زمان

مردان(مانیٹرنگ ڈیسک) چیمئپنز ٹرافی میں شاندار کارکردگی دکھانے والے قومی ٹیم کے اوپنر فخر زمان نے اپنی کامیابی کو نیوی کوچ کے نام کیا ہے۔ مردان میں اپنے آبائی علاقے کاٹلنگ پہنچنے کے بعد میڈیا سے بات کرتے ہوئے فخر زمان کا کہنا تھا کہ میچ جیتنے کا کریڈٹ ٹیم منیجمنت کوجاتا ہے لیکن اپنی کارکردگی کو پاک بحریہ کے کوچ کے نام کرتے ہیں۔ انہوں نے پاک بحریہ کی وردی میں ان کی تصویر سوشل میڈیا پر شئیر کرنے پر آئی ایس پی آر کا شکریہ ادا کیا۔ قومی ٹیم کے ہیرو نے کہا کہ چیمپئنز ٹرافی میں فتح قوم کے لئے عید کا تحفہ ہے، ٹیم کی کامیابی سے قوم کے چہروں پر خوشی دیکھ کر مجھے بہت خوشی ہوئی۔ جب کہ وطن واپس آنے پر میری سوچ سے بھی زیادہ والہانہ استقبال کیا گیا۔ فخرزمان نے کہا کہ ان کے والد نے کہا تھا کہ زیادہ اونچے شاٹس مت لگانا اور ان کے اس مشورے پر عمل کرکے سرخرو ہوا، موقع ملا تو انشا اللہ آئندہ بھی اچھی پرفارمنس دوں گا ، بھارت کے خلاف سب کھلاڑیوں نے فیصلہ کیا تھا کہ یہ میچ ہم نے انوکھے اندازمیں کھیلناہے جب کہ بھارتی کھلاڑیوں کا گراؤنڈ میں رویہ ٹھیک تھا۔فخرزمان نے بڑے ٹورنامنٹ میں کامیاب ڈیبیو کا کریڈٹ نیوزی لینڈ کے سابق کپتان برینڈن میکالم کو دیدیا ہے۔

انہوں نے کہا کہ ’’میکالم نے جب پہلی مرتبہ مجھے کھیلتے دیکھا تو کہا کہ تم ہماری ٹیم کے سارے میچ کھیلو گے لیکن اس بات کو یقینی بنانا کہ تم ہر میچ میں اسی سٹائل کی کرکٹ کھیلو گے۔‘‘ یاد رہے کہ برینڈن میکالم پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) کے دوسرے ایڈیشن میں لاہور قلندرز کے کپتان تھے اور فخرزمان بھی اس ٹیم کا حصہ تھے۔فخر زمان نے مزید کہا کہ ’’میں نے ان سے بہت کچھ سیکھا۔

مزید : کھیل اور کھلاڑی