سیاستدانوں نے سیاست کو مذاق بنا کر رکھ دیا،علامہ نصیر قادری

سیاستدانوں نے سیاست کو مذاق بنا کر رکھ دیا،علامہ نصیر قادری

فیروزوالہ(نامہ نگار)جے ۔یو۔پی (نورانی گروپ) لاہور کے صدر الحاج صاحبزادہ پیر علامہ نصیر احمد قادری نے کہا کہ موجودہ ملکی سیاست میں سیاستدانوں نے سیاست کا بیڑہ غرق کر کے رکھ دیا ہے ۔ اسے مذاق بنا کر سیاست کا جنازہ نکال رہے ہیں ۔ علماء نے پاکستان بنانے میں اہم کردار ادا کیا تھا۔ اس لیے اب بھی علماء کرام کو متحدہو کر پاکستان کا دفاع کرنے کے لیے سیاست میں آکر ملکی صورتحال کو بہتر بنانے کے لیے اپنا اہم کردار ادا کرے۔ ان خیالات کا اظہار تحریک ختم نبوت شاہدرہ کے زیر اہتمام کامران پارک میں دی جانے والی افطاری کے موقع پر خطاب کرتے ہوئے کیا۔ اس موقع پر علامہ غلام حسین نوری ، قاری مدثر حسین ، سفارش علی ورک، حاجی محمد اقبال اور سیٹھ ریاض احمد کے علاوہ دیگر ارکان نے شرکت کی۔ علامہ نصیر احمد قادری نے کہا کہ پاکستان کا وجود علماء کرام کی کوششوں سے معرض وجود میں لایا گیا۔ اس ملک کی حفاظت کے لیے علماء کو سیاستدانوں کا محاسبہ کرنا ہوگا۔ دین سے دوری کی وجہ سے مسلم اُمہ زوال کا شکار ایمان کی مضبوطی کی کامیابی کی ضمانت ہے۔ ملک میں اسلامی نظام کا نفاذ ہوتو تمام مسائل حل ہوجائیں گے۔

مزید : میٹروپولیٹن 1