ثمینہ خالد گھرکی پیپلز پارٹی پنجاب شعبہ خواتین کی صدر مقرر
لاہور(دیبا مرزا سے)پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے پیپلز پارٹی کی سینئرخاتون رہنما و سابق صدر لاہور ثمینہ خالد گھرکی کو پیپلز پارٹی شعبہ خواتین پنجاب کی صدر مقرر کرکے ان کا باقاعدہ نوٹیفکیشن بھی جاری کردیا ہے ۔ نو منتخب صدر شعبہ خواتین ثمینہ خالد گھرکی نے ’ ’ پاکستان‘‘ سے گفتگو کرتے ہوئے کہا ہے کہ پارٹی لیڈر شپ نے مجھ پر جس اعتماد کا اظہار کیا ہے اس پر میں ان کی مشکور ہوں اور قیادت کو یقین دلانا چاہتی ہوں کہ شعبہ خواتین کو مضبوط اور فعال بنانے کے لئے دن رات ایک کردوں گی اور اپنی پاٹی کو مایوس نہیں کروں گی۔ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ میری پارٹی کی لیڈر شپ اتنی کمزور نہیں کہ وہ محض تحفے تحائف کے نتیجے میں میری شعبہ خواتین کے صدر کے عہدے پر تقرری کردے اور نہ ہی میں پارٹی میں کوئی پیرا شوٹر ہوں کہ جسے تحفے تحائف دینے کی کوئی ضرورت ہو جن لوگو ں نے بھی میری اس تقرری کو اس طرح کی گھٹیا بات سے منسوب کیا ہے وہ سراسر غلط اور جھوٹ بول رہے ہیں ۔ انہوں نے کہا کہ میری لیڈر شپ اور میڈیا کو بھی اس بات کا علم ہے کہ میرے گھرانے نے جو پیپلز پارٹی کے لئے خدمات دی ہیں وہ کسی سے ڈھکی چھپی نہیں ۔