پیپلز پارٹی کو چھوڑ کر جانیوالے کبھی بھی جیالے نہیں تھے :عابد حسین صدیقی
لاہور(فورم :دیبا مرزا :تصاویر :ندیم احمد) پاکستان پیپلز پارٹی کے مرکزی رہنما عابد حسین صدیقی نے کہا ہے کہ جو لوگ پیپلز پارٹی کو چھوڑ کر جارہے ہیں وہ کبھی بھی پیپلز پارٹی کے جیالے نہیں تھے بلکہ مفاد پرست تھے اب جہاں پر انہیں اپنا مفاد نظر آیا ہے تو وہ کہیں اور بھاگ گئے ہیں یہ بات عمران خان سے میڈیا اور عوام کو پوچھنی چاہئے کہ کیا وہ گندے انڈوں کے ذریعے تبدیلی لائیں گے ایسی تبدیلی انہی کو مبارک ہو ‘چیئرمین پیپلز پارٹی بلاول بھٹو زرداری نے قمر زمان کائرہ کو پنجاب کا صدر بنا کر حاجی عزیز الرحمن چن کو لاہور کا صدر بنا کر اور ثمینہ خالد گھرکی کو شعبہ خواتین پنجاب کی صدر بناکر بہترین فیصلے کئے ہیں اور ایسا کرکے کارکنوں کے دل جیت لئے ہیں جب سے حاجی عزیز الرحمن چن لاہور کے صدر منتخب ہوئے ہیں تو تب سے ہی لاہور کے کارکنوں میں ایک نئی جان پڑ گئی ہے اور پارٹی دوبارہ اپنے پاؤں پر کھڑی ہو گئی ہے۔’’پاکستان فورم‘‘ میں گفتگو کرتے ہوئے عابد حسین صدیقی کا کہنا تھا کہ پی ٹی آئی کو ئی سیاسی جماعت نہیں بلکہ چوں چوں کا ایک مربہ بن چکا ہے عمران خان کا تبدیلی کا نعرہ محض نعرہ ہے جس کا حقیقت سے دور کا بھی تعلق نہیں ہے و ہ پیپلز پارٹی اور دوسری جماعتوں کے غداروں اور لوٹوں کو اکھٹا کرکے کونسا نیا پاکستان بنا رہے ہیں اس کے بارے میں میڈیا اور قوم بالخصوص سوشل میڈیا والوں کوان سے پوچھنا چاہئے اور اس پر اچھی خاصی پی ٹی آئی کی کلاس ہونی چاہئے کیونکہ پی ٹی آئی گندے انڈوں کو اپنا پلیٹ فارم مہیا کرکے سیاست کو آلودہ کررہی ہے ۔ان کا کہنا تھا کہ پیپلز پارٹی کے بانی چئیرمین شہید زوالفقار علی بھٹو نے پیپلز پارٹی کی بنیاد رکھ کر حقیقی معنوں میں تبدیلی کی بنیاد رکھی تھی اور اپنی جماعت کے ٹکٹ ریڑھی بانو ں ‘کسانوں‘ ہاریوں مزدوروں اور چھابڑی فروشوں کو دئیے تھے اور انہیں اسمبلی جانے کا موقع فراہم کیا تھا لیکن عمران خان نے تو اپنی جماعت میں چن چن کر اے ٹی ایم ہولڈر بھرتی کئے ہیں جن کا عوام سے دور کا بھی تعلق نہیں ہے ۔انہوں نے کہا کہ ہم آنے والے الیکشن میں بلاول بھٹو اور حاجی عزیز الرحمن چن کی قیادت میں لاہور سے بھی کامیابی حاصل کریں گے ۔