ملک کی معاشی ترقی کے لیے خواتین کا کردار بہت اہم ہے:شازیہ سلیمان

ملک کی معاشی ترقی کے لیے خواتین کا کردار بہت اہم ہے:شازیہ سلیمان

لاہور(کامرس رپورٹر) وومن چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری لاہور ڈویژن کی صدر شازیہ سلیمان نے کہا ہے کہ ملک کی معاشی ترقی کے لیے خواتین کا کردار بہت اہم ہے۔ ان کی زیادہ سے زیادہ حوصلہ افزائی کی جائے کہ یہ تجارتی سرگرمیوں میں حصہ لیں کیونکہ آبادی کا بہت بڑا حصہ خواتین پر مشتمل ہے ۔ شازیہ سلیمان نے کہا کہ یہ بڑی خوشی کی بات ہے کہ پاکستان میں صورتحال بہتر ہورہی ہے اور خواتین ٹیکسٹائل ڈیزائننگ، بینکنگ اور انفارمیشن ٹیکنالوجی سمیت دیگر شعبوں میں آرہی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ حکومت خواتین کی ترقی پر توجہ دے رہی ہے لیکن مزید بہت سے اقدامات کرنا ضروری ہے۔ انہوں نے کہا کہ حکومت کاروباری شعبہ سے وابستہ خواتین کی طرف سے تیار کردہ مصنوعات کو ٹیکسوں اور ڈیوٹیوں میں رعایت دیکر ان کی حوصلہ افزائی کرسکتی ہے۔ وومن چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری لاہور ڈویژن کی صدر نے کہا کہ خواتین کو تمام تجارتی و معاشی شعبوں میں صلاحیتوں کا بھرپور مظاہرہ کرنا چاہیے تاکہ ملک معاشی بحالی کا ہداف کم سے کم وقت میں حاصل کرسکے۔انہوں نے مزید کہا کہ خواتین کی تعلیم و تربیت بہت ضروری ہے تاکہ اْن کی صلاحتیں مزید بہتر ہوسکیں۔

مزید : کامرس