حکومت سمگلنگ اور انڈر انوائسنگ کو روکنے کیلئے اقدامات کرے،راؤ خورشید علی

حکومت سمگلنگ اور انڈر انوائسنگ کو روکنے کیلئے اقدامات کرے،راؤ خورشید علی

لاہور (کامرس رپورٹر) لاہور ٹریڈرز رائٹس فورم کے وائس چےئرمین راؤ خورشید علی نے کہاہے کہ حکومت سمگلنگ اور انڈر انوائسنگ کو روکنے کیلئے اقدامات کرے۔سمگلنگ اور انڈر انوئسنگ کی وجہ سے نہ صرف حکومت کو سالانہ اربوں روپے ریونیو کا نقصان اٹھانا پڑتا ہے بلکہ ٹیکس ادا کرنے والے تاجر کو بھی شدید کاروباری مندے کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے ۔یہ بات انہوں نے گزشتہ روز تاجروں کی ایک نجی تقریب کے دوران گفتگو کرتے ہوئے کہی۔ انہوں نے کہاکہ اس کئی طرح کے ٹیکسز جن میں ود ہولڈنگ ٹیکس ، پراپرٹی ٹیکسزبھی شامل ہیں ادا کرنے مشکل ہو چکے ہیں کیونکہ مارکیٹوں میں ایک جانب کاروباری مندے کا رجحان ہے جبکہ دوسری جانب سمگلنگ مافیا نے پنجے گاڑ ھ رکھے ہیں جس کی وجہ سے ٹیکس ادا کئی گئی اشیاء اور سمگلنگ والی اشیاء میں قیمتوں کا توازن بگڑ چکا ہے ، انہوں نے کہ تاجرٹیکس دینا چاہتے ہیں تاہم حکومت کی ذمہ داری ہے کہ وہ تاجروں کو کاروباری ماحول فراہم کرے ،اور اداروں کی کارکردگی کو درست کیا جائے تاکہ سمگلنگ مافیا کی حوصلہ شکنی کی جائے ، انہوں نے کہاکہ شہروں کے مداخل پر تعینات اداروں کے اہلکاروں کی ذمہ داری ہے کہ وہ سمگلنگ مافیا کو روکیں اور سمگلنگ کا مال شہروں میں داخل نہ ہونے دیا جائے تاکہ ٹیکس ادا کرنے والے تاجر وں کو مناسب قیمتوں پر اپنی اشیاء فروخت کرنے کا موقع مل سکے۔انہوں نے کہاکہ حکومت کو اپنے ریونیو میں اضافے کیلئے نئے ٹیکس پیئرتلاش کرنا ہونگے اس کے لئے شہر میں تعمیر ہونے والے درجنوں نئے کمرشل پلازوں کا سروے کیا جائے اور نئے افراد کو ٹیکس نیٹ میں لایا جائے ،اس کے ساتھ ساتھ ہر طرح کے ان ڈائریکٹ ٹیکسوں کو ختم کیا جائے۔

#/s#

مزید : کامرس