سمیڈا کا ایس ایم ایز کے شعبہ کی ترقی کیلئے نیشنل بزنس ڈویلپمنٹ پروگرام تشکیل

سمیڈا کا ایس ایم ایز کے شعبہ کی ترقی کیلئے نیشنل بزنس ڈویلپمنٹ پروگرام تشکیل

لاہور(کامرس رپورٹر)سمال اینڈ میڈیم انٹرپرائزز ڈویلپمنٹ اتھارٹی(سمیڈا) نے ملک میں چھوٹے اور درمیانے درجے کے کاروباری اداروں(ایس ایم ایز) کے شعبہ کی ترقی کیلئے’’ نیشنل بزنس ڈویلپمنٹ پروگرام‘‘ تشکیل دیا ہے جس پر1954.978 ملین روپے لاگت آئے گی۔منصوبہ کا آغاز آئندہ مالی سال2017-18ء میں ماہ جولائی میں کیا جائے گا جو2022ء میں مکمل ہوگا۔ سمیڈا کے حکام نے کہا ہے کہ منصوبہ سے ایس ایم ایز کے شعبہ کو معاونت فراہم کی جائے گی۔ ایس ایم ایز کا شعبہ عالمی مارکیٹ میں کلیدی کردار کا حامل ہے اور ملک میں اس کی ترقی سے نہ صرف قومی برآمدات کے فروغ میں مدد ملے گی بلکہ قومی معیشت کی ترقی کے مطلوبہ اہداف کے حصول کوبھی یقینی بنایا جاسکے گا۔ انہوں نے کہا کہ منصوبہ کے تحت ایس ایم ایز کے شعبہ کو معلومات کی فراہمی ، نیٹ ورکس کی ترقی میں معاونت اورنئی ایجادات اور جدید تحقیق کے کلچر کو فروغ دینے کیلئے معاونت فراہم کی جائے گی۔ انہوں نے کہا کہ منصوبہ کی تکمیل سے ایس ایم ایز کے شعبہ میں نئے کاروباری اداروں کے قیام ، ٹیکنالوجی اپ گریڈیشن، استعداد کار میں بہتری اورمارکیٹنگ سمیت جدید تحقیق کے حوالے سے مدد ملے گی۔ انہوں نے کہا کہ منصوبہ سے ملک میں کام کرنے والے 3 لاکھ14 ہزار901 چھوٹے اوردرمیانے درجے کے کاروباری اداروں کی پانچ سال کے دوران معاونت کی جائے گی جس سے شعبہ کی ترقی میں مدد ملے گی۔

مزید : کامرس