آل راؤنڈر شاہین فہیم اشرف کا آبائی شہرپھول نگر پہنچنے پر پرپتاک خیر مقدم

آل راؤنڈر شاہین فہیم اشرف کا آبائی شہرپھول نگر پہنچنے پر پرپتاک خیر مقدم

پھولنگر،قصور(نمائندہ خصوصی، بیورورپورٹ) فاتح قومی کرکٹ ٹیم کے آل راؤنڈر شاہین فہیم اشرف کا اپنے شہر پھول نگر پہنچنے پر پرپتاک خیر مقدم کیا گیا ،بینڈ باجے کیساتھ سینکڑوں شائقین جلوس کی صورت میں انہیں رہائش گاہ لیکر پہنچے ،راستے میں کرکٹ کے دیوانے اور منچلے نوجوان ان پر پھولوں کی پتیاں نچھاوراور پاکستان زند باد کے نعرے لگاتے اور جھومتے رہے ۔پیر اور منگل کی درمیانی رات قومی ہیرو لاہور پہنچے تو اعلیٰ حکام کے ہمراہ انکے خاندان کے افراد نے بھی ان کا استقبال کیا جس کے بعد فہیم اشرف نے لاہور میں اپنے اہلخانہ کے ہمراہ سحری کے بعد کچھ دیر آرام کیا اور پھر صبح نو بجے پھول نگر بائی پاس پہنچے انکی رہائش گاہ کے باہر بڑی تعداد میں کرسیاں لگائیں گئیں تھی اور اسٹیج بھی تیارکیا گیا تھا جہاں ملی نغمے بجائے جاتے رہے ،شرکاء سے خطاب میں فہیم کے تایا رانا محمد عاشق ، والد رانا محمد اشرف ایڈووکیٹ ، رہنماپیپلز پارٹی رانا تنویرریاض اور معروف سماجی شخصیت ظفر اقبال چودھری نے کہا یہ انکی زندگی کے ناقابل فراموش لمحات ہیں پاکستان کی تاریخی فتح اور عالمی سطح پر شاندار پذیرائی نے انکا اور اہل علاقہ کا سر فخر سے بلند کردیا ہے ۔حاضرین کے اصرار پر شرماتے لجاتے فہیم اشرف نے مائک پر آکر کہا وہ بہت خوش ہیں اللہ رب العزت نے انہیں قومی کرکٹ ٹیم میں کھیلنے کا موقع دیا، انشاء اللہ اچھی کارکردگی کا تسلسل جاری رکھوں گا،واضح رہے گزشتہ روز سارا دن فہیم اشرف کے گھر میلے کا سماں رہا دوست احباب عزیزواوقارب اور اہل علاقہ بڑی تعداد میں مبا ر کباد دینے کیلئے آتے رہے ۔ فہیم اشرف کا گھر پہنچنے پر استقبال کرنیوالوں میں ضلعی چیئرمین رانا سکندر حیات بھی شامل تھے ۔

فہیم اشرف استقبال

مزید : صفحہ آخر