خاندان کے شناختی کارڈ بلاک کرنے کیخلاف درخواست میں ڈی جی نادرا سے جواب طلب
لاہور ( نامہ نگار خصوصی) لاہور ہائیکورٹ نے نادرا کی جانب سے پور ے خاندان کا شناختی کارڈ بلاک کرنے کیخلاف درخواست میں ڈی جی نادرا سے جواب طلب کر لیا۔ جسٹس شمس محمود مرزا نے مجید خان کی درخواست پر سماعت کی۔درخواست گزار نے فاضل عدالت کو بتایا کہ نادرا کی جانب سے غیر قانونی طور پر خاندان کے 10افراد کے شناختی کارڈ بلاک کیے گئے۔جس کے باعث خاندان کی خواتین سمت بچوں کو شدید مشکلات کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے۔درخواست گزار نے عدالت میں موقف اختیار کیا کہ نادرا کارڈ بلاک ہونے کے باعث بائیو میٹرک تصدیق نہیں ہو پارہی جس کی وجہ سے متعلقہ تھانے کی طرف سے بھی مشکلات کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے۔درخواست گزار نے عدالت سے استدعا کی کہ عدالت نادرا کو شناختی کارڈ بحال کرنے کا حکم دے۔