عیدالفطر: گھریلو صارفین، سی این جی اسٹیشنوں کو بلا تعطل گیس کی فراہمی کا پلان مرتب

عیدالفطر: گھریلو صارفین، سی این جی اسٹیشنوں کو بلا تعطل گیس کی فراہمی کا پلان ...

  IOS Dailypakistan app Android Dailypakistan app


لاہور( لیاقت کھرل) عیدالفطر کے موقع پر گھریلو صارفین اور سی این جی اسٹیشنوں کو بلاتعطل گیس فراہمی کیلئے پلان ترتیب دیدیا گیا ہے۔ ایم ڈی سوئی گیس کمپنی امجد لطیف نے ’’پاکستان‘‘ کو بتایا کہ ماہ رمضان المبارک کی طرح عیدالفطر پر بھی گھریلو صارفین اور سی این جی اسٹیشنوں کو بلاتعطل گیس فراہم کی جائے گی جس کیلئے لاہور سمیت صوبہ بھر اور کے پی کے میں تمام ریجنل جی ایم کو ہدایات جاری کی گئی تھیں ،جنہوں نے اپنے اپنے اضلاع اور ریجنز میں عیدالفطر پر گھریلو اور سی این جی صارفین کو بلاتعطل گیس کی فراہمی کیلئے ’’گیس پلان‘‘ تیار کر کے سمری بھجوا دی ہے جس کے مطابق پلان کا نوٹیفکیشن جاری کر دیاگیا ہے۔انکا مزید کہنا تھا گھریلو صارفین ، کمرشل ، صنعتی پاور سیکٹر اور سی این جی سمیت تمام سیکٹرز کو گیس کو ڈیمانڈ کے مطابق گیس فراہم کی جا رہی ہے جس کیلئے صرف منصوبہ بندی کی گئی ہے جس کی زندہ مثال یہ ہے کہ خداوند کریم کے فضل و کرم سے ماہ رمضان میں گھریلو اور سی این جی ، صنعتی اور پاور سیکٹر سمیت تمام سیکٹرز کو بلاتعطل گیس فراہم کی گئی ہے۔ صنعتوں اور سی این جی کو ایل این جی پر شفٹ کرنے سے گیس بحران پر قابو پایا گیا ہے۔ ماہ رمضان المبارک کی طرح عیدالفطر پر بھی صارفین کو گیس پریشر میں کمی بھی نہیں آئے گی ۔ دوسری جانب اس حوالے سے جی ایم لاہور ریجن قیصر مسعود نے ’’ پاکستان‘‘ کو بتایا کہ عیدالفطر کے موقع پر گھریلو اور سی این جی صارفین کو بلاتعطل گیس فراہم کی جائے گی جس کیلئے گیس پلان ترتیب دیدیا گیا ہے۔ لاہور ریجن کے 10 لاکھ سے زائد گھریلو جبکہ 350 سے زائد سی این جی اسٹیشن ہیں جن کو عیدالفطر کے موقع پر بلا تعطل گیس فراہم کی جائے گی، اس کیلئے گیس کمپنی لاہور ریجن کے چیف انجینئر عمران الطاف ساہی کی نگرانی میں ایگزیکٹو انجینئرز اور ایمرجنسی ٹیموں کو ہائی الرٹ رکھا جائے گا ، اس میں ڈپٹی چیف انجینئر محمد خرم کو فوکل پرسن مقرر کیا گیا ہے۔

مزید :

صفحہ آخر -