حکومت جمہوریت کو پٹڑی سے اتارنے کیلئے کوشاں مگر ہر قمیت پر نظام بچائیں گے: تحریک انصاف

حکومت جمہوریت کو پٹڑی سے اتارنے کیلئے کوشاں مگر ہر قمیت پر نظام بچائیں گے: ...

اسلام آباد(این این آئی)پاکستان تحریک انصاف کے ترجمان فواد چودھری نے کہا ہے کہ جب مسلم لیگ (ن) کی کشتی ڈوبنے لگتی ہے تو وہ پورے نظام کو اپنے ساتھ لے کر ڈوبنے کی کوشش کرتی ہے ، تصویر لیک ہونے یا نہ ہونے سے تفتیش پر براہ راست کوئی فرق نہیں پڑتا ،تحریک انصاف سول بالادستی کیلئے کام کررہی ہے ،ہر قیمت پر نظام کو بچائے گی۔ کوئی خواب میں بھی جمہوریت کا بوریا بستر گول کرنے کا نہ سوچے ۔سپریم کورٹ کے باہر میڈیا سے بات کرتے ہوئے فواد چودھری نے کہا کہ تصویر لیک ہونے یا نہ ہونے سے تفتیش پر براہ راست کوئی فرق نہیں پڑتا تاہم حکومت نے خاص طریقے سے سپریم کورٹ اور جے آئی ٹی کے خلاف بدنام کرنے والی مہم چلائی جس میں ایک میڈیا گروپ نے نہ صرف اس کا پورا ساتھ دیا بلکہ یہ میڈیا گروپ مسلم لیگ (ن) کا میڈیا سیل بنا رہا جس کے باعث پی ٹی آئی نے بھی اس کا بائیکاٹ کردیا ہے ،پہلے تو واٹس ایپ کی کال کو بنیاد بنا کر سپریم کورٹ کے ججز کے خلاف اور پھر جے آئی ٹی کے خلاف توہین آمیز مہم چلائی گئی ،فواد چودھری نے کہا کہ عدلیہ نے تصویر لیک کی رپورٹ پبلک کرنے کا فیصلہ کیا ہے اور رپورٹ میں تصویر لیک کرنے والے کا نام شامل ہے۔ نواز شریف حکومت مسلسل جمہوریت کو پٹری سے اتارنے کی کوشش کررہی ہے۔ جب ن لیگ کی کشتی ڈوبنے لگتی ہے تو وہ پورے نظام کو لے کر ڈوبنے کی کوشش کرتی ہے۔ تحریک انصاف سول بالادستی کیلئے کام کررہی ہے اور ہر قیمت پر نظام کو بچائے گی۔ کوئی خواب میں بھی جمہوریت کا بوریا بستر گول کرنے کا نہ سوچے۔ترجمان تحریک انصاف نے کہاکہ سپریم کورٹ کے خلاف مہم چلانے اور تحقیقات میں روڑے اٹکانے کا واحد مقصد نظام کو ڈبونا ہے ٗپی ٹی آئی نظام کو بچائے گی۔ کوئی خواب میں بھی جمہوریت کو ڈی ریل کرنے کا نہ سوچے۔ پاکستان میں احتساب بھی ہوگا اور انتخاب بھی۔ (ن) لیگ نظام پر یقین نہیں رکھتی۔ دو آسان سوالات ہیں کہ 1993 سے 2006 کے دوران اپارٹمنٹس کی رقم کہاں سے آئی اور فلیٹ کس کے نام تھے ۔ جواب دینے کی بجائے سپریم کورٹ پر حملہ کیا جارہا ہے اور جے آئی ٹی کے خلاف مہم چلائی جارہی ہے۔

مزید : صفحہ آخر