عوامی فلاح و بہبود حکومت کی اولین ترجیح ہے ،گورنر سندھ

عوامی فلاح و بہبود حکومت کی اولین ترجیح ہے ،گورنر سندھ

کراچی ( اسٹاف رپورٹر) گورنر سندھ محمد زبیر نے کہا ہے کہ عوامی فلاح و بہبود کے ترقیاتی کام اور منصوبے حکومت کی اولین ترجیح ہیں اس ضمن میں منتخب عوامی نمائندے اپنے اپنے حلقوں میں عوامی مسائل کے حل کے لئے تجاویز دیں تاکہ عوام کو زیادہ سے زیادہ سہولیات فراہم کی جاسکیں ۔ انہوں نے کہا کہ اراکین اسمبلی اپنے حلقوں کے مسائل کے حل کے لئے اسمبلیوں میں نہ صرف آواز اٹھائیں بلکہ قانون سازی میں تعاون کریں ۔ ان خیالات کااظہار انہوں نے گورنر ہاؤس میں اراکین اسمبلی سید شفقت شاہ شیرازی اور اعجاز شاہ شیرازی کی سربراہی میں چار رکنی وفدسے ملاقات میں کیا ۔ وفد میں ایاز شاہ شیرازی اور حنیف میمن بھی شامل تھے ۔وفد نے گورنر سندھ کو اپنے حلقہ کے مسائل ، حائل رکاوٹوں ،وزیر اعظم پاکستان کی جانب سے ضلع ٹھٹھہ میں ریلیف پیکج ، 500 بستروں کے اسپتال ، ہیلتھ کارڈ ، پینے کے صاف پانی اور دیگر سہولیات کے حوالہ سے اٹھائے گئے اقدامات سے تفصیلی آگاہ کیا ۔گورنر سندھ نے کہا کہ موجودہ حکومت نہ صرف وفاق بلکہ پسماندہ علاقوں کی یکساں ترقی کے وژن پر گامزن ہے ، کم ترقی یافتہ علاقوں میں ترقیاتی کاموں میں تیزی لانے کے لئے بھرپور اقدامات اٹھائے جارہے ہیں تاکہ کم ترقی والے علاقے بھی دیگر علاقوں کی طرح ترقی کرسکیں ۔انہوں نے کہا کہ وزیر اعظم پاکستان کی معاشی پالیسی کے قومی معیشت پر مثبت اثرات مرتب ہورہے ہیں جس سے ملک سمیت خطہ میں غربت اور بے روزگاری کے خاتمہ میں مدد ملے گی ، منتخب عوامی نمائندے اپنے اپنے حلقوں میں ترقیاتی کاموں میں تیزی لانے اور عوامی خواہشات کے عین مطابق زیادہ سے زیادہ سہولیات فراہم کرنے کے لئے بھرپور اقدامات کریں ۔ اس موقع پر شیرازی برادران نے گورنر سندھ کو بتایا کہ وزیر اعظم پاکستان کے ٹھٹھہ میں کئے جانے والے ترقیاتی پیکج کے اعلان کو عوام نے زبردست سراہا ہے ۔

مزید : کراچی صفحہ اول