کراچی ،پاک بحریہ کیلئے 32ٹن بولارڈ پل ٹگ جہاز کا سنگ بنیاد رکھ دیا گیا

کراچی ،پاک بحریہ کیلئے 32ٹن بولارڈ پل ٹگ جہاز کا سنگ بنیاد رکھ دیا گیا

کراچی (اسٹاف رپورٹر) شپ یارڈ میں پاک بحریہ کے لئے تعمیر کئے جانے والے 32ٹن بولارڈپل ٹگ جہاز کا سنگ بنیاد رکھ دیا گیاہے۔اس ضمن میں منگل کوکراچی شپ یارڈ میں تقریب کا انعقاد کیا۔سیکرٹری وزارت دفاعی پیداوار لیفٹنٹ جنرل ریٹائرڈ سید محمد اویس اس موقع پر مہمان خصوصی تھے ۔جہاز کی کیل لیئنگ کی افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وزارت دفاعی پیداوار کے سیکرٹری لیفٹنٹ جنرل(ر)سید محمد اویس نے کہاکہ کراچی شپ یارڈ کا ادارہ پاک بحریہ کے نیول فلیٹ کو بھرپور سپورٹ کررہا ہے۔انہوں نے موجودہ جغرافیائی صورتحال میں پاک بحریہ کو مضبوط کرنے کی ضرورت پر زوردیتے ہوئے کہاکہ سی پیک منصوبہ سے ملک کی معیشت میں معاشی انقلاب لائیگا، جس کے اثرات جہاز رانی کی صنعت پر بھی مرتب ہوں گے اور ملکی صنعتیں بھی مستفید ہوں گی۔انہوں نے بتایا کہ 32ٹن بی پی ٹگ اپنی نوعیت کا تیسرا جہاز ہے، جو رواں سال کراچی شپ یارڈ میں تعمیر کیا جارہا ہے۔جنرل(ر)سید محمد اویس نے کہا کہ 32 ٹن بی پی ٹگ کی تعمیر حکومت کا ملک میں جہاز سازی میں خود انحصاری کے حصول کے مشن کا حصہ ہے۔سیکرٹری دفاعی پیداوار نے کہا کہ پاک بحریہ اور شپ یارڈ کی کاوشوں سے اس مشن کو حقیقت کا روپ دے رہے ہیں، کراچی شب یارڈ کا ادارہ ملک کے لئے ماڈل بن چکا ہے۔کراچی شپ یارڈ کے منیجنگ ڈائریکٹر سید حسن ناصر شاہ نے بتایا کہ آج دوسرے 32ٹن بی پی ٹگ کی کیل لیئنگ کا یادگار موقع ہے، جو پاک بحریہ کے دو یکساں نوعیت کے جہازوں کے تعمیری معاہدے کا حصہ ہیں۔رواں ماہ شپ یارڈ نے تین نئے معاہدے جن میں پاک بحریہ کے لئے آف شور پیٹرول ویزل اور ہائیڈرو گرافک سروے ویزل جبکہ پاکستان کسٹم کے لیئے 2عددسرویلنس بوٹس شام ہیں، شپ یارڈ میں جہاز کے 9منصوبوں پر تعمیراتی کام جاری ہے۔

 

مزید : کراچی صفحہ اول