عمران خان کو ہمیشہ کراچی کے عوام نے مسترد کیا ،وقار مہدی

عمران خان کو ہمیشہ کراچی کے عوام نے مسترد کیا ،وقار مہدی

کراچی(اسٹاف رپورٹر) پاکستان پیپلز پارٹی سندھ کے جنرل سیکریٹری وقار مہدی نے پی ایس 114کے انتخابی مہم میں پی ٹی آئی کے چیئرمین عمران خان کے جلسے کے دعوے کو مسترد کرتے ہوئے اسے جلسی قرار دے دیا۔عمران خان نے کراچی کی سطح پر جب بھی جلسہ کیا تو کراچی کے عوام نے انہیں مسترد کر دیا اور ان کی تمام کوششوں کے باوجود ایک جلسی تک ہی محدود رہے۔ وقار مہدی کا کہنا تھا پی ایس 114کے الیکشن میں بڑے بڑے دعوے کرنے والے محض مفاد پرستوں کا ٹولہ ہے جو لوگوں کو جھوٹے خواب دیکھا کر بے قوف بنانے کی کوشش کررہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ عمران خان کا پی ایس 114میں انتخابی جلسی کے لئے مزدوروں کو 1500 دیہاڑی اور لوگوں کو راشن اور زکوٰۃ کے نام پر جمع کر کے ان کے شناختی کارڈ کی کاپیاں لی گئیں اور اتنی محنت کرنے کے باوجود پی ایس 114کے عوام نے انہیں مسترد کر دیا۔ انہوں نے کہا کہ عمران خان نے کے پی کے کا حلیہ تو بدلا نہیں اور نہ آج تک وہاں احتساب کمشنر لگا سکے اور آج بھی ان کے وزیر قانون کی دھجیاں اڑاتے ہوئے مظلوم عوام پر ظلم ڈھارہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ پی ٹی آئی پی ایس 114میں جس طرح پیسوں کے ذریعے ووٹ خریدنے کی کوشش کررہی ہے 9جولائی کو انہیں منہ کی کھانی پڑے گی۔

مزید : راولپنڈی صفحہ آخر