کچھ قوتیں مسلم امہ کے بجائے اغیار کیلئے کامکر رہی ہیں:ایرانی قونصل جنرل

کچھ قوتیں مسلم امہ کے بجائے اغیار کیلئے کامکر رہی ہیں:ایرانی قونصل جنرل

  IOS Dailypakistan app Android Dailypakistan app

کراچی (اکنامک رپورٹر) پاکستان میں تعینات ایرانی قونصل جنرل احمد محمد ی نے کہا ہے کہ ماہ رمضان اﷲ تعالیٰ کی دعوت کا مہینہ ہے ، جس میں عبادات اپنی روح کو پاک کرنے اور اﷲ کا قرب حاصل کرنے کا موقع فراہم کرتا ہے۔ لیکن اﷲ تعالیٰ سے قربت کا اس وقت تک کوئی فائدہ نہیں جب تک ہم اﷲ کی مخلوق پر مہربانی کا سلوک نہ کریں ۔ وہ گذشتہ روز ایرانی سفارت خانے کے زیر اہتمام افطار ڈنر کی تقریب سے بطور مہمان خصوصی خطاب کررہے تھے، انہوں نے مزید کہا کہ اگر آپ انسانوں پر مہربانی نہیں کرتے تو اﷲ بھی آپ پر مہربان نہیں ہوگا۔ انہوں نے کہا کہ ہم ایک ایسی صورتحال کا سامنا کررہے ہیں جہاں خطے میں پیدا ہونے والی صورتحال سے یہ ظاہر ہوتا ہے کہ کچھ قوتوں نے مسلم امہ کے مسائل کے حوالے سے اپنی آنکھیں بند کررکھی ہیں اور وہ مسائل کے حل کے بجائے اغیار کے ہاتھ مضبو ط کرنے میں مصروف ہیں ، جبکہ پاکستانی بھائی اور بہنیں اسرائیلی جارحیت کی وجہ سے مشکلات اور پریشانی میں مبتلا ہیں ۔ کچھ عناصر شام ، افغانستان اور پاکستان اور اب ا یران میں دہشتگردی کو فروغ دینے اور مسلمانوں کے قتل عام کیلئے فنڈنگ کرنے کے ساتھ ساتھ ان کو مسلح کررہے ہیں۔ سوال یہ پیدا ہوتا ہے کہ کب تک معصوم اور روزہ دار بچوں اور شہریوں کو سڑکوں پر قتل کیا جاتا رہے گا۔ یمن کے بچوں اور عوام کو کس جرم کی پاداش میں نام نہاد مسلم ممالک کی بمباری کا نشانہ بنایا جارہا ہے۔ فلسطین کے مسلمانوں کا مسئلہ سب سے اہم ہے جس کے لئے مسلم ممالک کو متحد ہو کر اسرائیل کے خلاف سینہ سپر ہوجانا چاہیے۔ انہوں نے کہا کہ جب تک ایسا نہیں ہوگا یہ دہشتگردی ایک کینسر کی طرح خطے میں سرائیت کرتی رہے گی ، خاص طور پر مشرق وسطی میں ۔ جس کا نتیجہ اور زیادہ لوگوں کا قتل ہے۔ انہوں نے کہا کہ اس کیلئے ضروری ہے کہ خطے کے تمام مسلم ممالک اپنے آپسی اختلافات کو بھلا کر ایک ہوجائیں تاکہ اس شیطانیت کا مقابلہ متحد ہو کر کیا جاسکے۔ انہوں نے کہا کہ آج سے 38 سال قبل حضرت امام خمینی نے رمضان کے آخری جمعہ کو ’’یوم القدس‘‘ قرار دیا تھا، جبکہ عظیم لیڈر آیت اﷲ خمینی فلسطین کے اس دردناک مسئلے کو مسلم اُمّہ کا مسئلہ قرار دیا۔